رسائی کے لنکس

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55 رنز سے ہرا دیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے چھکے چوکوں کی بارش کی اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے

پاکستان نے آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست دے دی ہے۔

بدھ کو کولکتہ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔

بنگلہ دیش کے ابتدائی بلے باز سومیا سرکار بغیر کوئی رن بنائے محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہو ئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں شکیب الحسن 50 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور شاہد آفریدی نے دو، دو جب کہ محمد عرفان اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے بھی جلد ہی شرجیل خان کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لیکن محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سینچریاں اسکور کیں اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

احمد شہزاد 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو محمد حفیظ کا ساتھ دینے کپتان شاہد آفریدی آئے جنہوں نے آتے ہی حریف باؤلروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

محمد حفیظ 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شاہد آفریدی صرف ایک رنز کے فرق سے نصف سینچری بنانے میں ناکام رہے۔ انھوں نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 49 رنز اسکور کیے۔

عمر اکمل بغیر کوئی اسکور بنائے آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین اور عرفات نے دو، دو جب کہ صابر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

عالمی مقابلوں میں پاکستان اور بنگلہ دیش نو مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں جن میں سے سات میچوں میں پاکستان کو جب کہ دو میں بنگلہ دیش کو کامیابی ملی۔

بھارت میں جاری ’ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ‘ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم طے شدہ شیڈول سے تاخیر سے بھارت پہنچی تھی۔ اس کی وجہ سلامتی کے خدشات تھے تاہم میزبان حکومت کی یقین دہانی کے بعد ہفتہ کو دیر گئے پاکستانی ٹیم بھارت پہنچی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نا کر سکا اور پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش اور بھارت کے خلاف اپنے دونوں میچ ہار گئی تھی۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے گروپ میں بنگلہ دیش کے علاوہ بھارت، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں، اس لیے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے ہر میچ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ کولکتہ ہی میں 19 مارچ کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ اس سے قبل یہ میچ دھرم شالا میں ہونا تھا تاہم انتہاپسندوں کی طرف سے میچ کی مخالفت اور دھمکیوں کے بعد پاکستان کی درخواست پر ’آئی سی سی‘ نے یہ میچ کولکتہ منتقل کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت منگل کو اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے 47 رنز سے ہار گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG