رسائی کے لنکس

تائیوان: دو فوجی طیارے پہاڑوں سے ٹکرا کر تباہ


تائیوان: دو فوجی طیارے پہاڑوں سے ٹکرا کر تباہ
تائیوان: دو فوجی طیارے پہاڑوں سے ٹکرا کر تباہ

تائیوان کے حکام ان دو جنگی طیاروں کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات میں مصروف ہیں جو گزشتہ روز ایک پہاڑی سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہوگئے تھے۔

جائے حادثہ پر بدھ کو تباہ شدہ طیاروں کے ملبے اور پائلٹوں کی باقیات کی تلاش کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی 'سینٹرل نیوز' کا کہنا ہے کہ طیاروں کا کچھ ملبہ دریافت کرلیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نگرانی کرنے والا 'آر ایف-5' نامی جہاز اور دو نشستوں والے 'ایف-5ایف' جہاز نے منگل کی شب تربیتی پرواز بھری تھی اور فضاء میں بلند ہونے کے 13 منٹ بعد راڈار سے غائب ہوگئے تھے۔

فضائیہ کے ایک ترجمان کے مطابق غائب ہونے سے قبل طیارے 700 میٹر کی بلندی پر پرواز کر رہے تھے۔

حادثے کے عینی شاہدین مقامی مچھیروں نے بتایا ہے کہ دونوں طیارے ناہموار پرواز کرتے ہوئے سیدھے 'ییلان' نامی شمال مشرقی ساحلی پٹی کے پہاڑوں سے جا ٹکرائے جس کے بعد آگ کا ایک گولہ سا بلند ہوا۔

واضح رہے کہ تائیوان اپنے فضائی بیڑے میں شامل 'ایف-5' نامی پرانے لڑاکا طیاروں کو جدید 'ایف-16سی/ڈی' سے تبدیل کرنا چاہ رہا ہے تاہم امریکہ نے تاحال یہ طیارے تائیوان کو فروخت کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

مجوزہ سودے کےحوالے سے فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے لیکن چین نے اس کی شدید مزاحمت کا عندیہ دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG