رسائی کے لنکس

تائیوان کی صدر کی آمد پر چین کی برہمی کم کرنے کی امریکی کوشش


تائیوان کی صدر سائی انگ وین (فايل فوٹو)
تائیوان کی صدر سائی انگ وین (فايل فوٹو)

امریکی صدرجوبائیڈن کی انتظامیہ تائیوان کی صدر سائی انگ وین کے آئندہ مختصر دورہ امریکہ پر چین کی طرف سے ممکنہ ناراضی کوکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ صدرسائی اس ماہ کے آخر میں کیلی فورنیا اورنیو یارک میں سٹاپ اوورکریں گی جہاں سے وسطی امریکہ کے سرکاری مشن پر روانہ ہوں گی۔

اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرانتظامیہ کے ایک اہل کار کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ نے بیجنگ کو بتایا ہے کہ تائیوان کے ماضی کے صدور نے معمول کے مطابق دیگر ممالک کے سفر پرجاتے ہوئےامریکہ میں مختصرقیام کیا ہے، جن میں سائی بھی شامل ہیں، جنہوں نے 2016 اور2019 کے درمیان چھ سٹاپ اوورکیے ہیں۔ اہل کار کا کہنا ہے کہ چین کو تائیوان کےخلاف کوئی جارحانہ اقدام کرنے کے جواز کے طور پر امریکہ میں سائی کے اسٹاپ اوورکواستعمال نہیں کرنا چاہیے۔

چین نے گزشتہ اگست میں اس وقت کی ہاؤس سپیکرنینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے جواب میں آبنائے تائیوان پرکئی دنوں تک بڑی فوجی مشقیں شروع کیں، جس میں اس جزیرے کوسرزمین چین سے الگ کرنے والے آبی گزرگاہ میں بیلسٹک میزائل داغنا بھی شامل تھا۔

بیجنگ جمہوری طورپرحکمرانی والے اس جزیرے کواپنے ملک کا حصہ سمجھتا ہے، حالانکہ تائیوان 1949 میں چین کی خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد سے اپنے جزیرے کا نظام حکومت سنبھالے ہوئے ہے۔

اُس وقت چیانگ کائی شیک کی قوم پرست فورسز کو ماو زے تنگ کے کمیونسٹوں نے مرکزی سر زمین سے باہر نکال دیا تھا۔

چین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اس جزیرے کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے ہر طریقہ استعمال کر سکتا ہے، جس میں فوجی آپشن بھی شامل ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے 1979 میں چین کی سفارتی شناخت تائیوان کے بجائے بیجنگ میں تبدیل کر دی تھی، لیکن وہ تائیوان تعلقات ایکٹ کے تحت اپنے دفاع کے لیے تائیوان کو فوجی سازوسامان فراہم کرتا ہے۔

خبر رساں اداروں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ سائی وسطی امریکہ کے اپنے طے شدہ سفر سے قبل لاس اینجلس کے قریب رونالڈ ریگن صدارتی مرکز میں ایک تقریر کریں گی۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ امریکی ایوان کے موجودہ اسپیکر کیون میک کارتھی صدر سائی سے ملاقات کریں گے۔ یاد رہے کہ ری پبلکن کے یہ رہنما خود بھی تائیوان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

(خبرکا مواد اے پی اور رائٹرز سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG