رسائی کے لنکس

تائیوان: مسافر طیارہ گر کر تباہ، 23 افراد ہلاک


ہنگامی امداد کے عہدیدار طیارے کے جزوی طور پر ڈوبے ہوئے مرکزی حصے میں ان لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اب بھی طیارے کے اندر موجود ہیں۔

تائیوان کی ٹرانس ایشیا ائیرویز کا ایک مسافر طیارہ دارالحکومت تائی پے میں ایک پل سے ٹکرانے کے بعد دریا میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

طیارے پر عملے اور مسافروں سمیت 58 افراد سوار تھے۔

ٹی وی پر نشر کیے جانے والے مناظر میں دکھایا گیا ہے کہ کئی مسافر جنہوں نے لائف جیکٹ پہنی ہوئی تھی وہ دریا میں تیر کر کنارے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ہنگامی امداد کے عہدیدار طیارے کے جزوی طور پر ڈوبے ہوئے مرکزی حصے میں ان لوگوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اب بھی طیارے کے اندر موجود ہیں۔

طیارے کے پائلٹ کی طرف سے کنٹرول ٹاور کو موصول ہونے والے آخری پیغام میں اس کے انجن میں آگ لگنے کا بتایا گیا تھا۔

تائیوان کے دوسرے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے مسافروں میں چین کے 31 سیاح بھی شامل تھے۔ طیارہ دارالحکومت تائی پے سے کن من کے جزیرے کی طرف پرواز کر رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جب طیارے نے اڑان بھری تو اس وقت موسم صاف تھا لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ طیارہ کس وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ ٹی وی پر دریا کے ایک پل کی تصاویر دکھائی گئیں جسے کچھ نقصان پہنچا جبکہ سڑک پر طیارے سے ٹوٹ کر گرنے والے کچھ حصے بکھرے ہوئے نظر آ رہے تھے۔

تائیوان کی شہری ہوابازی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اے ٹی آر-72 طیارہ ابھی ایک سال پرانا بھی نہیں ہوا اور اس کی آخری حفاظتی جانچ پڑتال 26 جنوری کو ہوئی تھی۔

ٹرانس ایشیا تائیوان کی تیسری بڑی فضائی کمپنی ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں اس کا ایک طیارہ پینگو جزیرے پر اترنے کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 48 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس طیارے پر عملے اور مسافروں سمیت 58 افراد سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG