رسائی کے لنکس

طالبان کے حملے میں 11 افغان فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک


حکام کے مطابق حملوں سے متاثرہ علاقوں میں اضافی نفری بھیج دی گئی ہے (فائل فوٹو)
حکام کے مطابق حملوں سے متاثرہ علاقوں میں اضافی نفری بھیج دی گئی ہے (فائل فوٹو)

ترجمان نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا ہے کہ چوکی پر تعینات اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملوں میں افغان فوج اور پولیس کے کم از کم 11 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

افغانستان کے مغربی صوبے فرح کے گورنر کے ترجمان محمدناصر مہری کے مطابق ضلع بالا بلق میں ایک چوکی پر طالبان کے حملے میں پانچ فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔

ترجمان نے خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کو بتایا ہے کہ چوکی پر تعینات اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ حملہ آوروں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کئی گھنٹے تک جاری رہی لیکن مزید نفری کے علاقے میں پہنچنے کے بعد صورتِ حال معمول پر آگئی ہے۔

اس سے قبل منگل کو ہی افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں طالبان کے ایک حملے میں مقامی پولیس فورس کے چار اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے تھے۔

غزنی کے گورنر کے ترجمان عارف نوری کے مطابق جنگجووں نے ضلع جغتو میں پولیس کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا ۔

ترجمان کے مطابق حملہ کئی گھنٹے جاری رہا جس میں طالبان جنگجووں نے راکٹ اور ہلکے توپ خانے کا بھی استعمال کیا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے غزنی اور فرح میں کیے جانے والے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

ذرائع ابلاغ کو بھیجے جانے والے ایک پیغام میں طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فرح میں کیے جانے والے حملے کے بعد طالبان دو فوجی اہلکاروں کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔ تاہم افغان فوج نے تاحال طالبان کے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

منگل کو مغربی صوبے بادغیس میں بھی پولیس اور فوج کی دو چوکیوں پر طالبان جنگجووں نے حملے کیے جن میں کم از کم دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

صوبائی کونسل کے رکن حمد ناصر نظاری نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے چھ فوجی اہلکاروں کو اغوا بھی کرلیا ہے۔

افغانستان کے لیے یہ ہفتہ خاصا ہلاکت خیز ثابت ہورہا ہے۔ منگل کو افغان وزارتِ صحت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو کابل میں ہونے والے ایک خود کش حملے میں زخمی ہونے والے مزید تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں جس کے باعث حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

کابل کے ایک ووٹنگ رجسٹریشن مرکز پر ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

افغان وزارتِ صحت کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والے 130 افراد شہر کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

گزشتہ روز بھی مغربی افغانستان میں طالبان کے مختلف حملوں میں 18 فوجی اور پولیس اہلکار مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG