رسائی کے لنکس

افغان طالبان کے حملے میں ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ہلاک


فائل
فائل

ضلع جغاتو کے انتظامی سربراہ محمد داود جمعرات کو صوبائی دارالحکومت جارہے تھے جب راستے میں گھات میں بیٹھے مسلح طالبان جنگجووں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا۔

افغان طالبان نے افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار کو ان کے محافظ سمیت قتل کردیا ہے۔

صوبائی انتظامیہ کے مطابق ضلع جغاتو کے انتظامی سربراہ محمد داود جمعرات کو صوبائی دارالحکومت جارہے تھے جب راستے میں گھات میں بیٹھے مسلح طالبان جنگجووں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

غزنی کا صوبہ افغانستان کی اس مرکزی شاہراہ پر واقع ہے جو دارالحکومت کابل کو جنوبی شہر قندھار سے ملاتی ہے۔ حالیہ مہینوں کے دوران طالبان تواتر سے اس علاقے میں سیکورٹی فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں۔

اس سے قبل رواں ہفتے طالبان نے شمال مغربی صوبے فاریاب کے ضلع گورمچ پر قبضے کےبعد وہاں تعینات 22 پولیس اہلکارں کو ہلاک کردیا تھا جب کہ کئی پولیس اہلکاروں کو جنگجو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ یرغمالی پولیس افسران میں ضلعی پولیس کے سربراہ عبد المجید گلمبافی بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کے متعلق تاحال کوئی اطلاع نہیں کہ وہ کس حال میں ہیں۔

دریں اثنا افغان حکام نے جنوبی صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ پر طالبان کا حملہ ناکام بنانے اور شدید لڑائی کے بعد شہر کے نواحی علاقوں پر سرکاری عمل داری دوبارہ بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر جنگجووں اور سکیورٹی فورسز میں لڑائی اب بھی جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG