رسائی کے لنکس

افغانستان: چوکیوں پر طالبان کے حملے، 21 افراد ہلاک


افغانستان میں طالبان کے سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں میں 21 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں پولیس اہلکار اور حکومت کی حمایت یافتہ ملیشیا کے افراد شامل ہیں۔ جھڑپوں میں 15 طالبان کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

حکام نے پیر کو بتایا کہ حملے ترکمانستان کے سرحدی علاقے سے متصل صوبہ بدغیس میں قائم دو الگ الگ چیک پوسٹوں پر کئے گئے ۔ حکام کے مطابق یہ حملے ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جب ایک جانب طالبان سے مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیک نے بتایا کہ مرنے والوں میں 14پولیس اہلکار اور ملیشیاء سےتعلق رکھنے والے سات ارکان شامل ہیں جبکہ 9 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

ایک اور اہلکار جمشید شہابی جو صوبے کے گورنر کے ترجمان بھی ہیں ، انہوں نے بتایا کہ جھڑپوں میں کم از کم 15 طالبان کمانڈر ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔

حالیہ چند مہینوں کے دوران ہونے والے یہ خوفناک حملے ہیں۔ ان حملوں کی ذمے داری طالبان کی جانب سے قبول کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔

طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے ایک بیان میں بتایا کہ ان کے حملوں میں 34 سیکورٹی اہلکار اور حکومت کے حمایت یافتہ افراد نشانہ بنے ہیں۔

طالبان کی جانب سے ہتھیار اور دیگر گولہ باروز بھی قبضے میں لئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ترجمان نے ان اطلاعات کی بھی تصدیق کی ہے۔

طالبان رہنماؤں اور امریکی حکام کے درمیان اس ماہ براہ راست مذاکرات طے ہیں۔

مذاکرات میں غیر ملکی فوجوں کے افغانستان سے انخلا اور جنگ بندی جیسے اہم معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG