رسائی کے لنکس

صدارتی انتخابات، ٹیڈ کروز کا ٹرمپ کی حمایت کا اعلان


ایک بیان میں، اُنھوں نے کہا ہے کہ ’’ایک سال قبل، میں نے ری پبلیکن پارٹی کے نام کی توثیق کی تھی، اور میں اُس عزم کی حرمت کا تقاضا پورا کر رہا ہوں۔ اور اگر آپ ہیلری کلنٹن کو صدر نہیں دیکھنا چاہتے تو میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ ٹرمپ کو ووٹ دیں‘‘

اپنے مؤقف میں یکایک تبدیلی کرتے ہوئے، امریکی سینیٹر ٹیڈ کروز نے جمعے کے روز ری پبلیکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واحد امیدوار ہیں جو 8 نومبر کو وائٹ ہاؤس کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیداور ہیلری کلنٹن کی راہ روک سکتے ہیں۔
ایک تفصیلی بیان میں ری پبلیکن پارٹی کے سابق صدارتی امیدوار نے کہا ہے کہ ’’ایک سال قبل، میں نے ری پبلیکن پارٹی کے نام کی توثیق کی تھی، اور میں اُس عزم کی حرمت کا تقاضا پورا کر رہا ہوں۔ اور اگر آپ ہیلری کلنٹن کو صدر نہیں دیکھنا چاہتے تو میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ ٹرمپ کو ووٹ دیں‘‘۔

کروز ٹیکساس سے سینیٹر منتخب ہوئے، وہ ’کنزرویٹو ٹی پارٹی تحریک‘ کے معروف رہنما ہیں، جو ری پبلیکن پارٹی کی جانب سے صدارتی نامزدگی کے دوڑ سے الگ ہونے والے آخری مد مقابل امیدوار تھے۔
جب کروز نے جولائی میں کلیولینڈ میں منعقدہ ’ری پبلیکن نیشنل کنوینشن‘ سے خطاب کا، جہاں ٹرمپ نے نامزدگی قبول کی، اُنھوں نے ٹرمپ کی حمایت سے انکار کیا جس پر نیویارک کے کاروباری فرد کے حامیوں نے اسٹیج پر اُن کے خلاف نعرے لگائے۔

جب پرائمری کی سطح کا مقابلہ زوروں پر تھا، ٹرمپ نے کروز کی بیوی، ہائیڈی کے جسمانی وضع قطع کا مذاق اڑایا تھا، اور کہا تھا کہ سینیٹر کے والد کا نام صدر جان ایف کینیڈی کے قتل سے جوڑا جاتا تھا۔
کروز نے کہا کہ ’’ہمارا ملک بحران میں گھرا ہوا ہے۔ ہیلری کلنٹن صدر بننے کے قابل نہیں اور اُن کی پالیسیاں لاکھوں امریکیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اور ڈونالڈ ٹرمپ ہی واحد شخص ہیں جو اُن کی راہ روکے کھڑے ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG