رسائی کے لنکس

تہمینہ جنجوعہ پاکستان کی پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ مقرر


تہمینہ جنجوعہ (فائل فوٹو)
تہمینہ جنجوعہ (فائل فوٹو)

وہ سکبدوش ہونے والے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گی۔

پاکستان کی ایک اعلیٰ سفارتکار تہمینہ جنجوعہ کو وزارت خارجہ کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے، وہ ملک کی تاریخ کی پہلی خاتون ہیں جو یہ منصب سنبھالیں گی۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اس تقرری کی منظوری دی ہے اور تہمینہ جنجوعہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں یہ عہدہ سنبھالیں گی۔

وہ اس وقت اقوام متحدہ کے جنیوا آفس میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ اٹلی میں بطور پاکستانی سفیر کے فرائض انجام دیتی رہی ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق تہمینہ جنجوعہ ملک اور بیرون ملک کام کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں جو کہ 32 سال پر محیط ہے۔

2011ء میں اٹلی میں بطور سفیر تعیناتی سے قبل وہ اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ بھی رہ چکی ہیں۔

وہ سکبدوش ہونے والے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گی۔

شائع شدہ اطلاعات کے مطابق سیکرٹری خارجہ کے لیے بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس کے نام بھی زیر غور تھے، یہ دونوں تہمینہ جنجوعہ سے سینیئر بتائے جاتے ہیں۔

اس وقت پاکستان میں کوئی کل وقتی وزیرخارجہ نہیں ہے جب کہ یہ معاملات امور خارجہ کے لیے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طارق فاطمی ہی دیکھ رہے ہیں۔

گزشتہ دور حکومت میں حنا ربانی کھر 2011ء سے 2013ء تک وزیر خارجہ کے طور پر کام کرتی رہی ہیں اور وہ بھی اس منصب پر کام کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون تھیں۔

XS
SM
MD
LG