رسائی کے لنکس

'شاپر ڈبل کر لیں، نوکریاں باہر گر رہی ہیں'


سوشل میڈیا کے منچلوں کو ایک تفریح ہاتھ آگئی اور وہ ایک کروڑ ملازمتوں کی بات لے اڑے۔

تحریک انصاف نے حکومت ملنے کی صورت میں پہلے سو دن کے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اس میں پانچ سال کے دوران ایک کروڑ ملازمتوں کا وعدہ شامل ہے۔

بعض معاشی ماہرین نے سوال اٹھایا ہے کہ سوا ارب آبادی کے ملک بھارت میں ہر سال پینتیس لاکھ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع دستیاب نہیں تو پاکستان میں ہر سال بیس لاکھ ملازمتیں کیسے پیدا کی جائیں گی؟

ماہرین جو بھی سوال اٹھائیں اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر جو بھی جواب دیں، سوشل میڈیا کے منچلوں کو ایک تفریح ہاتھ آ گئی اور وہ اس وعدے کو لے اڑے۔

ٹوٹ بٹوٹ نے ٹوئیٹ کیا: خیبرپختونخوا میں سموسوں اور پکوڑوں کے ساتھ چٹنی کے بجائے نوکریاں دی جانے لگیں۔

انعام خان نے فیس بک پر خبردار کیا: آہستہ چلیں، آگے نوکریاں بٹ رہی ہیں۔

زیارت علی نے مشورہ دیا: شاپر ڈبل کر لیں، نوکریاں باہر گر رہی ہیں۔

میاں اعجاز نے خبر دی: کالا شاہ کاکو کے قریب نوکریوں سے بھرا ٹرک الٹ گیا۔

محمد شاہان نے بتایا: پشاور میں دو نوکریاں آپس میں ٹکرا گئیں، دھماکے سے گورنر ہاؤس لائبریری کے شیشے ٹوٹ گئے۔

حافظ وقاص شہزاد نے پیش گوئی کی: آج رات گرج چمک کے ساتھ نوکریاں برسنے کا امکان۔

حافظ صاحب نے اشتہار دیا: میری نوکری گم ہو گئی ہے، ڈھونڈنے والے کے لیے دو نوکریوں کا انعام۔

مدثر ظفر نے انکشاف کیا: نئی حکومت کے آنے کے بعد مرغیاں دیسی انڈوں کی جگہ نوکریاں دیا کریں گی۔

غلام اکبر حمیتی نے اعلان کیا: ڈیڑھ لٹر بوتل کے ساتھ ایک نوکری فری۔

کسی ستم ظریف نے کہا: حکومت ملی تو ایک کروڑ مستری لگا کر پاکستان کو پانچ منزلہ بنا دیں گے۔

نجیب خان نے بریکنگ نیوز سنائی: مردان میں ہنگامہ آرائی، حالات کشیدہ، سیکڑوں نوکریاں گرفتار۔

تنویر افضل نے تحریر کیا: کے پی کے حکومت نے فاضل نوکریوں کی مناسب اسٹوریج کے لیے پیشکشیں طلب کر لیں۔

عرفان ریاض نے دکھی ہوکر اطلاع دی: پشاور میں اسد درانی کی کتاب پڑھ کر چار نوکریوں نے کنویں میں کود کر خودکشی کر لی۔

محسن نے آگاہ کیا، کراچی میں ہیٹ اسٹروک لگنے سے دو نوکریاں بے ہوش۔

عزیر سالار نے تھانے سے مطلع کیا: پشاور کینٹ میں کچھ نوکریاں غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے پکڑی گئیں، پولیس کے حوالے۔

عبداللطیف آرائیں نے ایک تصویر کے ساتھ درج کیا: ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا سن کر مختلف ملکوں سے لوگ پاکستان روانہ۔

اس سلسلے میں گردش میں آنے والا سب سے دلچسپ ٹویٹ یہ رہا:

اکائی، دہائی، سیکڑہ، ہزار، دس ہزار، لاکھ، دس لاکھ، اسد عمر، دس اسد عمر، عمران خان!

XS
SM
MD
LG