رسائی کے لنکس

سچن تینڈولکر سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے کھلاڑی


بھارتی وزارت فنانس نے ملک کے ان 500 ٹاپ ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے مالیاتی سال 2009ء کی آخری سہ ماہی میں انفرادی ٹیکس کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

اس فہرست کے مطابق بھارتی کرکٹ کھلاڑی سچن تینڈولکر کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے ہیں، جب کہ فلمی ہستیوں میں اکشے کمار اور عامر خاں نے انفرادی ٹیکس دہندگان کے زمرہ میں دیگر فلمی ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سچن نے دسمبر میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران ڈیڑھ کروڑ رو پئے ٹیکس ادا کر کے فہرست میں 115 واں مقام حاصل کر لیا۔ انہوں نے ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ دھونی اور ویریندر سہواگ نے مذکورہ وقفے کے دوران ایک ایک کروڑ رو پئے ادا کیے اور یوں وہ اس فہرست میں علی الترتیب 199 اور201 ویں مقام پر رہے۔

اکشے کمار اور عامر خاں نے فی کس ساڑھے چار کروڑ رو پئے ادا کیے اور فہرست میں 25 اور26 واں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے دوسرے فلمی ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیا جن میں رتیک روشن اور شاہ رخ خاں شامل ہیں۔ بگ بی امیتابھ بچن کا نام 500 افراد کی اس فہرست میں شامل نہیں ہے تاہم ان کے فرزند اور بہو کا نام شامل ہے۔

ملک کے سرکردہ تاجر مہیش گوردھن داس گروڈیااس فہرست میں ٹاپ رہے۔ انہوں نے 20 کروڑ روپئے انفرادی ٹیکس ادا کیا۔قانون دان اور کانگریس پارٹی قائد ابھیشک سنگھوی نے ڈیڑھ کروڑ روپئے ادا کیے اور فہرست میں جگہ بنالی۔ فہرست میں شامل دیگر کرکٹرز میں سورو گنگولی نے 90 لاکھ اور ہربھجن سنگھ نے 70 لاکھ روپئے ادا کیے۔

آئی پی یل کرکٹ میچوں کے منصوبہ سازللت مودی نے تین کروڑ روپئے ادا کرتے ہونے 47ویں مقام پر رہے۔ ایشوریہ رائے بچن نے ایک کروڑ روپئے ادا کر کے بالی وڈ کی دوسری ہیروئنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہیں193 واں مقام حاصل ہوا جب کہ ان کے شوہر ابھیشک بچن نے ان سے زیادہ ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے جمع کرائے۔

بتایا جاتا ہے کہ حکومت کو جاریہ سہ ماہی کے دوران 741 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی جب کہ گذشتہ سال آخری سہ ماہی میں 418 کروڑ روپئے حاصل ہوئے تھے۔

XS
SM
MD
LG