رسائی کے لنکس

فلسطینی نوجوان ہلاک، یروشلم میں تناؤ کا ماحول


فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی لڑکے کو تین اسرائیلی لڑکوں کی موت کے بعد انتقاماً مارا گیا ہے

یروشلم کی فضا میں تناؤ صاف ظاہر ہے۔ تناؤ کی یہ فضا اس وقت دیکھنے میں آئی جب ایک فلسطینی نوجوان لڑکے کو مردہ حالت میں پایا گیا۔

فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ اس فلسطینی لڑکے کو تین اسرائیلی لڑکوں کی موت کے بعد انتقاماً مارا گیا ہے۔

فلسطینی لڑکے کی جلی ہوئی لاش یروشلم کے ایک جنگل سے برآمد ہوئی۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان مارک ریگیو کا کہنا ہے کہ ’اسرائیلی وزیر ِاعظم نیتن یاہو نے تلقین کی ہے کہ اس معاملے کی جلد اور مکمل تفتیش کی جائے اور اس حوالے سے سچ جلد از جلد سامنے لایا جائے۔ اسرائیلی وزیر ِاعظم نے سب کو یہ بھی تاکید کی ہے کہ کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش نہ کرے‘۔

دوسری طرف، فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی پولیس پر غم و غصے میں پتھراؤ کیا۔ اس موقع پر، اسرائیلی پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا گیا۔

اوباما انتظامیہ نے فلسطینی لڑکے کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور اسے ایک ’گھناؤنا عمل‘ قرار دیتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کو امن برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے تین اسرائیلی نوجوانوں کی ہلاکت پر شدید ردِعمل کا عندیہ دیا گیا ہے، جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل ان لوگوں کو کٹہرے میں لائے جنہوں نے فلسطینی لڑکے کو ہلاک کیا۔

XS
SM
MD
LG