رسائی کے لنکس

دہشت گردی کی روک تھام کے لیے داخلی راستوں پر موبائیل سکینرز


دہشت گردی کی روک تھام کے لیے داخلی راستوں پر موبائیل سکینرز
دہشت گردی کی روک تھام کے لیے داخلی راستوں پر موبائیل سکینرز

وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ چین سے حاصل کیے جانے والے موبائیل سکینرز کے داخلی راستوں پر نصب ہونے سے ملک بھر میں دہشت گردی کی وارداتوں پر قابو پانے میں بہت حد تک مدد ملے گی۔

جمعے کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اگلے چند روز میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستوں پر ایک ایک سکینر نصب کیا جارہا ہے جو ٹریفک کے بہاؤ کے دوران گاڑیوں کا معائنہ کرسکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید سکینرز ملک کے مختلف علاقوں میں داخلی راستوں پر نصب کیے جائیں گے۔

کراچی کی صورتحال کے حوالے سے رحمن ملک کا دعویٰ تھا کہ حکومت نے لیاری کے علاقے میں اہداف مقرر کرکے جو آپریشن کیا ہے اس کے نتیجے میں سیاسی بنیادوں پر قتل کی وارداتیں یعنی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تھم گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ٹھوس خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لیاری، پاک کالونی اور بلدیہ ٹاؤن میں ایک مئوثر حکمت عملی سے تشدد کی کارروائیوں پر قابو پایا گیا ہے۔

رحمن ملک نے یقین دلایا کہ جس طرح حکومت نے سوات اور فاٹا میں عسکریت پسندوں کو کمزور کیا ہے اس طرح ملک کے ہر علاقے میں ان کا قلع قمع کیا جائے گا اور آنے والے وقت میں امن وامان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں خاص طور پر لیار ی میں ٹارگٹ کلنگ کے پے درپے واقعات میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی شامل ہیں۔

وفاق اور صوبہ سند ھ میں حکمران پیپلز پارٹی کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی بنیاد بظاہر اگرچہ متحارب مجرمانہ گروپوں کی دشمنی ہے لیکن تشدد کے واقعات میں خود ایم کیو ایم کے کارکن بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

شائع شدہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ چھ ماہ کے دوران شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 250سے 300افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں اے این پی اور پیپلز پارٹی کے کارکن بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG