رسائی کے لنکس

پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میدان سجے گا


سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی ہے۔ (فائل فوٹو)
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی ہے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان میں 10 سال کے طویل عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ ایک مرتبہ پھر بحال ہونے جارہی ہے اور اس کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کی منظوری دے دی ہے۔

سری لنکن ٹیسٹ ٹیم آئندہ ماہ دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز پاکستان میں کھیلے گی اور یہ دونوں میچز کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی منظوری دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق پہلا ٹیسٹ 11 سے 15 دسمبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور دوسرا ٹیسٹ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 19 سے 23 دسمبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز، ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے آخری مرتبہ 2009 میں ٹیسٹ کرکٹ کی میزبانی کی تھی۔ اس سیریز کے دوران سری لنکا کی ٹیم کے قافلے پر ہوٹل سے اسٹیڈیم جاتے وقت دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں چند کھلاڑی بھی زخمی ہوئے تھے۔

سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

پی سی بی کے بیان کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ایشے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے دورہ پاکستان کی تصدیق کر رہے ہیں اور یہ گزشتہ سیریز کا حصہ ہے۔ ان کے بقول، ہم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے لیے انتظامات اور صورت حال سے مطمئن ہیں۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس دورے کے دوران تین ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور تین ون ڈے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی پاکستان آمد شائقین کرکٹ کے لیے زبردست خبر ہے۔ مہمان سری لنکن ٹیم کا دورہ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال قابل اطمینان ہیں۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے پر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دورے سے ملک میں ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی ہوگی۔

ذاکر خان کا مزید کہنا ہے کہ سری لنکن بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کی تصدیق کے بعد تمام تر توجہ اس کی تیاریوں پر ہے اور اس مقصد کے لیے اعلیٰ معیار کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG