رسائی کے لنکس

امریکہ: میکسیکو کے شہری کی سزائے موت پر عملدرآمد

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ٹیکساس کے گورنر رِک پیرے اور اٹارنی جنرل گریگ ایبٹ کو ٹامایو کی یہ کہہ کر سزا پر نظرثانی کرنے کا کہا تھا کہ اس سے بیرون ملک قانونی معاملات میں الجھے امریکی شہریوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

میکسیکو کی حکومت اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی طرف سے درخواستوں کے باوجود امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک میکسیکن شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا۔

سپریم کورٹ کی طرف سے سزا کے خلاف حکم امتناعی نہ ملنے کے بعد ایجر ٹامایو کو بدھ کو رات دیر گئے ہلاکت خیز ٹیکہ لگا سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔

ٹامایو پر الزام تھا کہ اس نے 1994ء میں ہیوسٹن میں ایک پولیس افسر کو اس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب اہلکار نے اسے چوری کے شبے میں گرفتار کیا تھا۔

اس کے وکلا کا یہ کہنا تھا کہ ٹامایو کو اس بارے میں معلومات نہیں تھی کہ وہ میکسیکو کے قونصلیٹ سے قانونی معاونت حاصل کر سکتا ہے۔

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ٹیکساس کے گورنر رِک پیرے اور اٹارنی جنرل گریگ ایبٹ کو ٹامایو کی یہ کہہ کر سزا پر نظرثانی کرنے کا کہا تھا کہ اس سے بیرون ملک قانونی معاملات میں الجھے امریکی شہریوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں میکسیکو کی حکومت نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹامایو کی سزا پر عملدرآمد امریکہ کی طرف سے اس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ’’ واضح خلاف ورزی‘‘ ہوگی۔

2004ء میں عالمی عدالت انصاف نے بھی امریکہ پر زور دیا تھا کہ وہ اس بنیاد پر ٹامایو سمیت میکسیکو کے 51 قیدیوں کی سزائے موت پر نظر ثانی کرے کہ ان لوگوں کو اپنے قانونی حقوق سے متعلق معلومات نہیں تھی۔
XS
SM
MD
LG