تھائی لینڈ میں حکومت مخالف سرگرم کارکنوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم ابھشت وجے جیوا کو انتخابات کرانے پر مجبورکرنے کے لیے بنکاک میں اپنے مظاہرے جاری رکھیں گے۔
ریڈ شرٹس نامی تنظیم کے راہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ملک کی اشرافیہ کے خلاف ایک طبقاتی جنگ کے سلسلے میں ہفتے کےروز شہر بھر میں موٹرگاڑیوں کے ایک بڑے جلوس کی قیادت کریں گے۔
تحریک کے راہنما اس احتجاج کا زور برقرار رکھنے کی کوشش کررہے ہیں جواپنے پانچویں روز میں داخل ہوچکاہے۔ لیکن پولیس نے کہا ہے کہ مظاہرین کی تعداد اتوار کے روز لگ بھگ ایک لاکھ کے مقابلے میں کم ہوکر تقریباً 40 ہزار رہ گئی ہے۔
بہت سے مظاہرین تھائی لینڈ کے غریب اور دیہاتی لوگ ہیں اور سابق وزیر اعظم تھاکسن شنوترا کی حمایت کرتے ہیں جنہیں مبینہ بدعنوانی کی بناپر 2006ء کے ایک فوجی انقلاب میں اقتدار سے الگ کردیا گیا تھا۔
جمہوریت نواز سرگرم کارکن، جو حکومت میں فوج کے عمل دخل کے خلاف ہیں، ان ریلیوں میں شامل ہوچکے ہیں۔