رسائی کے لنکس

مظاہرین کو محصور کرنے کے لیے رکاوٹیں نصب کی جائیں گی


مظاہرین کو محصور کرنے کے لیے رکاوٹیں نصب کی جائیں گی
مظاہرین کو محصور کرنے کے لیے رکاوٹیں نصب کی جائیں گی

تھائی لینڈ کی فوج دارالحکومت بنکاک کے تجارتی مرکز میں خیمہ زن حکومت مخالف مظاہرین کے گرد رکاوٹیں کھڑی کرکے انھیں محصور کرنے کی کارروائی شروع کرے گی۔

تھائی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق اس کا آغاز جمعرات کی شام سے کیا جائے گا اور لوگوں کو ان رکاوٹوں کو عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

قبل ازیں حکومت نے اعلان کیا تھا کہ مظاہرین کوضروریات زندگی بشمول بجلی، خوراک اور پانی کی فراہمی روک دی جائے گی تاہم مقامی رہائشیوں کی طرف سے اس شکایت کے بعد کہ اس سے وہ لوگ زیادہ متاثر ہوں گے، اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا۔

سرخ پوش نامی حکومت مخالف مظاہرین کے رہنماؤں نے حکومت کے اس اعلان کو پہلے ہی یہ کہ کر مسترد کردیا تھا کہ ان کے پاس اپنے جنریٹرز اورخوراک کے ذرائع موجود ہیں اوریہ کہ وہ احتجاج جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مظاہرین کی طرف سے احتجاج ختم نہ کرنے کے موقف کے بعد تھائی وزیراعظم ابھیست ویجاجیِوا نے مصالحتی عمل کوبدھ کے روز روک دیا تھا۔

تھائی لینڈ میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 29 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں دس اپریل کو سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 25افراد بھی شامل ہیں۔ گذشتہ ہفتے وزیراعظم نے پارلیمان کو برخواست کرکے نومبر میں انتخابات کرانے کی پیش کش کی تھی ۔

سرخ پوشوں نے وزیراعظم کی اس پیش کش کو پہلے قبول کرلیا تھا لیکن بعدازاں انھوں نے نائب وزیراعظم سُوتھیپ تھاگسوبن سے دس اپریل کو ہونے والی پکڑدھکڑ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی پاداش میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا۔

XS
SM
MD
LG