رسائی کے لنکس

حکومت مخالف ”معطل“جنرل چل بسا


سر میں گولی لگنے کے بعد جنرل کو فوراً ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے
سر میں گولی لگنے کے بعد جنرل کو فوراً ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے

تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہروں میں زخمی ہونے والے معطل جنرل کھتیا سیواس ڈیفول ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکومت کے خلاف سرخ پوش مظاہرین کے ایک گروہ کی قیادت کرنے والے جنرل کھتیا جمعرات کے روز ”دی نیویارک ٹائمز“ کے رپورٹر کے ساتھ انٹرویو کے دوران سر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ اُن کے آخری الفاظ تھے” فوج یہاں داخل نہیں ہوسکتی“۔

58 سالہ جنرل کھتیا اپنے سخت گیر حامیوں کی ایک ٹیم کے ساتھ بنکاک کے ایک مصروف علاقے میں سرخ پوش مظاہرین کی حفاظت کر رہے تھے اوراس دوران اُنھیں اکثر فوجی ”کیموفلاج“ یونیفارم میں ملبوس دیکھا گیا ۔

جنرل کھتیا کے پرتشدد سخت گیر رویے کے باعث حکومت مخالف بعض سرخ پوش مظاہرین کھلے عام اُن سے لاتعلقی اظہار کرتے رہے تھے۔ اُن پر بنکاک میں حالیہ ہفتوں میں ہونے والے متعدد گرنیڈ حملوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی تھا لیکن جنرل کھتیا نے ان الزامات کو رد کیا تھا۔

تھائی لینڈ کی موجود ہ حکومت نے جنرل کھتیاکو دہشت گرد قرار دے کر اُنھیں بغیر کوئی معاوضہ دیے معطل کر دیا تھا۔ اس سے قبل بھی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر اُن کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔

تھائی حکومت نے سرخ پوش مظاہرین کو بنکاک میں مظاہرے کی جگہ خالی کرنے کے لیے اپنا دباؤ بڑھا دیا ہے۔ جنرل کھتیا کسی طور پر سرکاری فورسز کو بغیر لڑائی کے مظاہرے کی جگہ پر داخلہ ہونے پر آمادہ نہیں تھے۔

XS
SM
MD
LG