رسائی کے لنکس

احتجاج روکنے کے لیے فوج بنکاک میں داخل


تھائی لینڈ کی فوج پیر کی صبح دارالحکومت بنکاک میں داخل ہوگئی ہے تاکہ سابق وزیراعظم کے حامیوں کی طرف سے حکومت مخالف مظاہرے کو روکا جاسکے۔

”ریڈ شرٹس“ کہلانے والے مظاہرین میں سے اکثر کا تعلق ملک کے دیہی علاقوں سے ہے جو 12مارچ سے پارلیمان کو تحلیل اور وزیراعظم ابھیشت ویجاجیو کی برطرفی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

تنظیم کے ایک رہنماء نے الزام لگایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی طرف سے علاقے کو ”میدان قتل“ بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

فوج کی طرف سے شہر بھر میں مختلف مقامات پر چوکیاں قائم کی گئیں ہیں تاکہ مزید مظاہرین کو اس مقام پر پہنچنے سے روکا جاسکے جہاں احتجاجی مارچ کی تیاری کی جارہی ہے اور جہاں گذشتہ ہفتے سے ہزاروں مظاہرین پہلے ہی سے موجود ہیں۔

مظاہرین کی طرف سے منگل کے روز سیلم روڈ پر احتجاجی مارچ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے باعث اس تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے کہ گذشتہ ہفتے پرتشدد کارروائیوں میں 25افراد کی ہلاکت کے بعد اب پھر تصادم ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ ہلاک شدگان میں سکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔

سلیم روڈ شہر کا وہ علاقہ ہے جہاں کئی دفاتر اور بینکوں کے ہیڈکوارٹر موجود ہیں اور فوج نے اس علاقے کو مظاہرین کے لیے ناقابل داخلہ قرار دے دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی طرف سے شہر کے مختلف علاقوں میں گشت بھی جاری ہے۔

2006ء میں فوجی بغاوت میں برطرف کیے جانے والے سابق وزیراعظم شینواترا کے حامی موجودہ وزیراعظم اور ان کی حکومت کو غیر قانونی قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG