رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ:حکومت بنکاک کو مظاہرین سے پاک کرنے کی تیاریوں میں مصروف


تھائی لینڈ کے وزیر اعظم ابھیشیت وجے جیوا نے کہا کہ ان کی حکومت بنکاک میں حزب مخالف کے ہزاروں مظاہرین کے سات ہفتوں سے جاری احتجاج کو ختم کرانے کی تیاری کررہی ہے جس سے دارالحکومت کے کئے حصے مفلوج ہوکررہ گئے ہیں۔

اتوار کے روز غیر ملکی نامہ نگاروں کے ساتھ ایک انٹرویو میں مسٹر ابھیشیت نے کہا کہ حکام سڑکوں کو مظاہرین سے پاک کرنے سے قبل ان کی مدد کے راستے کاٹنے کی کاررائیوں میں مصروف ہیں۔نامہ نگاروں سے ان کی یہ گفتگو بنکاک کے مضافات میں واقع ایک فوجی مرکز پرہوئی۔

تھائی وزیر اعظم نے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ مظاہرین کے خلاف آپریشن کب شروع ہوگا۔ ریڈشرٹس نامی ہزاروں مظاہرین نے ، وزیر اعظم کو قبل از وقت انتخابات کرانے پر مجبور کرنے کے لیے مارچ کے وسط سے بنکاک کے اس ضلع پر قبضہ کررکھا ہے جہاں تجارتی مراکز اور ہوٹل واقع ہیں۔

مسٹر ابھیشیت نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بدستور ضبط و تحمل سے کام لیتی رہے گی، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ اب شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے۔ مظاہروں کے باعث کئی ہفتوں سے ہوٹل اور دکانیں بند پڑی ہیں جس کی وجہ سے ان کے دیوالیہ ہونے یاہزاروں افراد کی بے روزگاری کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

XS
SM
MD
LG