رسائی کے لنکس

تھائی لینڈ میں ’سرخ قمیصوں‘ کا ایک اور بڑا مظاہرہ


تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے مصروف کاروباری علاقے میں ہفتے کے روز برطرف وزیرِ اعظم تھاکسن شناواترا کے سرخ قمیصوں والے ہزاروں حامیوں نے ایک اور بڑا مظاہرہ کیا ہے۔ اس مظاہرے سے تھائی دارالحکومت میں ٹریفک معطل ہو کر رہ گیا۔

حکومت نے ’سرخ قمیصوں‘ کو حکم دیا تھا کہ وہ ہفتے کی شام تک مظاہرہ ختم کر دیں لیکن بعد میں اس نے مان لیا کہ اتوار کے روز تک مذاکرات جاری رہیں گے۔

جلوس میں 55 ہزار کے قریب افراد شامل تھے۔ سیکیورٹی کے خدشات کی وجہ سے جلوس کے راستے میں کئی بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹور اور بڑی دکانیں بند رہیں۔

جلوس زیادہ تر پر امن تھا، تاہم ایک واقعے میں پولیس کو مداخلت کر کے ایک شخص کو بچانا پڑا جس نے اپنی کار جلوس کے درمیان سے نکالنے کی کوشش کی تھی۔ جلوس میں شامل لوگوں نے اس کی مہنگی کار چکنا چور کر دی۔

سرخ قمیصوں کے سربراہ وینگ توجیراکرن نے کہا ہے کہ ان کی تحریک کا مقصد وزیرِ اعظم ابھیشیت وجاجیوا پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ 15 دن کے اندر اندر پارلیمان کو تحلیل کر دیں۔

XS
SM
MD
LG