رسائی کے لنکس

امریکہ کا سب سے بڑا تہوار تھینکس گِوونگ


تھینکس گوونگ پر کھانے کی میز پر سب سے نمایاں ڈش ٹرکی ہوتی ہے اور اس تہوار کے موقع پر امریکہ بھر میں لاکھوں ٹرکی قربان کیے جاتے ہیں نیشنل ٹرکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ امریکہ بھر میں  اس روز چار کروڑ 50لاکھ ٹرکی کھا لئے جاتے ہیں۔

ہر سال نومبر کی چوتھی جمعرات کو امریکہ بھر میں تھینکس گوونگ کا تہوار منایا جاتا ہے۔ اس تہوار کو امریکی معاشرے میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے۔ زیادہ تر امریکی اس موقع کو اپنے خاندان اور عزیزواقارب سے ملنے، ان کے ساتھ کچھ وقت گذارنے اور مل بیٹھ کر کھانا کھانے کا ایک ذریعہ سمجھتے ہیں۔ چنانچہ تھینکس گوونگ کی تعطیلات میں امریکی بڑے پیمانے پر سفر کرتے ہیں اور شاہراہوں پر گاڑیوں کی خوب بھیٹر بھاڑ کے مناظرعام دکھائی دیتے ہیں۔

تھینکس گوونگ کا تہوار سترہویں صدی کی ایک اس اہم تقریب کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں امریکہ آنے والےبرطانوی نوآبادکاروں نےاپنی بوئی ہوئی مکئی کی پہلی فصل کی کٹائی کی۔ اس موقع پر ان کے گورنر ولیم بریڈفورڈ نے ایک ضیافت کا اہتمام کیا، جس میں اس نے مقامی انڈین قبیلے کے سربراہ میساسوئٹ سمیت متعدد افراد کو مدعو کیا۔ بعض مورخوں کے مطابق یہ ضیافت تین دن تک جاری رہی اور وہ تقریب گویا اس طرح سے پہلا تھیکنس گوونگ تھا۔ جس میں خدا کی دی ہوئی نعمتوں کا شکرانہ ادا کیا گیا اور مقامی قبائل کے ساتھ مل جل کررہنے کا عزم کیا گیا۔ چونکہ اس دور کی بہت کم معلومات محفوظ ہیں اور یہ علم نہیں ہے کہ ضیافت میں کیا کچھ پیش کیا گیا تھا، تاہم روایت یہ ہے کہ اس میں ٹرکی کےگوشت، مکئی اور پھلیوں کی ڈشیں شامل تھیں۔ اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان چیزوں کو آج تھیکنس گوونگ کے ڈنر کا ایک لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے خاص طور پر ٹرکی کو۔

ٹرکی مرغ کی قسم کا ایک بڑا پرندہ ہے جس کا وزن 15 سے 20 پونڈ اور بعض اوقات اس سے بھی زیادہ ہوتاہے۔ تھینکس گوونگ پر کھانے کی میز پر سب سے نمایاں ڈش ٹرکی ہوتی ہے اور اس تہوار کے موقع پر امریکہ بھر میں لاکھوں ٹرکی قربان کیے جاتے ہیں نیشنل ٹرکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ امریکہ بھر میں اس روز چار کروڑ 50لاکھ ٹرکی کھا لئے جاتے ہیں۔

اس تہوار کی خاص بات وہ ڈنر ہوتا ہے جس کے لیے گھرانے کے سب لوگ اکٹھے ہوتے ہیں ۔ لیکن کم آمدنی والے لوگوں کے لیے تھینکس گِونگ کا روایتی ڈنر تیار کرنا آسان نہیں۔ اس لیے بہت سے فلاحی ادارے اور افراد، کھانے کی اشیاءتیار کرتے ہیں یا اکٹھی کرتے ہیں اور ، علاقے کے کم آمدنی والے باسیوں کو فوڈ باسکٹس فراہم کرتے ہیں جن میں یومِ تشکر کے روایتی کھانے کی چیزیں، جیسے کرین بیری ساس، پمپکن، تازہ سبزیاں اور ٹرکی ہوتی ہے۔تاکہ غریب لوگ اس روز کے روایتی ڈنر سے محروم نہ رہ جائیں۔

تھیکنس گوونگ کے موقع پر امریکہ میں عام تعطیل ہوتی ہے اور ملک بھر کے شہروں اور قصبوں میں قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے پریڈیں ہوتی ہیں۔ اس سلسلے کی سب سے بڑی پریڈ نیویارک میں ہوتی ہے جس میں فن کار، معروف بینڈ، بڑے بڑے غبارے ، کارٹون کیریکٹرز اور فلوٹ شامل ہوتے ہیں۔ پریڈ کے ڈھائی میل لمبے راستے پر اسے دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد موجود ہوتے ہیں۔

تھینکس گوونگ امریکہ میں گویا تعطیلات کے موسم کا نقطہ آغاز ہے۔ یہ تہوار منانے کے بعد اکثر امریکی کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ تھیکنس گوونگ کے بعد دفتروں کی حاضری کم اور مارکیٹوں کی رونقیں بڑھ جاتی ہیں کیونکہ کرسمس پر اپنے عزیز واقارب اور دوست احباب کو تحفے تحائف دینا امریکی روایت کا ایک اہم حصہ ہے۔

امریکہ میں Thanksgivingیعنی شکرانے کا تہوار سفر کے لحاظ سے سال کا مصروف ترین دِن ہوتا ہے، کیونکہ لاکھوں افراد کاروں یا ٹرینوں میں یا ہوائی سفر کرکے اپنے گھرانوں کے ساتھ مل کر اِس دِن کی ضیافت کھاتے ہیں، اور خدا کا شکر ادا کرتے ہیں ، اُس کی نعمتوں کے لیے ۔

XS
SM
MD
LG