رسائی کے لنکس

فلم فیئر ایوارڈز: رنبیر کپور بہترین ہیرو، ودیا بالن بہترین ہیروئن


رنبیر کپور نے میدا ن مار لیا فلم ”برفی“ میں اپنی شاندار اداکاری سے۔ یہی نہیں ”برفی“ سال کی بہترین فلم بھی قرار پائی۔

بالی وڈ کے ’آسکرز‘ کہلائے جانے والے ”فلم فیئرایوارڈز“ کا میلہ اس بار بھی اس شان سے سجا کہ نہ صرف ایوارڈز کی محفل میں شرکت کرنے والے عش عش کر اٹھے بلکہ گھر بیٹھے اس حسین شام کا لطف اٹھانے والے بھی دیوانے ہوگئے۔

ممبئی کے یش راج اسٹوڈیوز میں ہونے والی اس تقریب میں بالی وڈ ستاروں کی کہکشاں جیسے زمین پر اتر آئی تھی۔ رنگوں سے سجی شام کو ہندی سینما کی سو سالہ تاریخ سے منسوب کیا گیا۔

شاہ رخ خان نے اپنے پچھلے ریکارڈ کو برقرار رکھا اور ایسی دھماکے دار پرفارمنس دی کہ میلہ لوٹ لیا۔ بالی وڈ کی بولڈ اور بیوٹی فل انوشکا شرما نے وہ سماں باندھا کہ محفل میں موجود سب ہی رقص کر نے پر مجبور ہو گئے۔

بالکل کسی ہندی فلم ہی کی طرح کچھ جذباتی منظر بھی دیکھنے کو ملے۔۔ مثلا ًریکھا نے رنبیر کو آشیرواد دیا اور ودیا بالن کو پیار سے گلے لگالیا۔

ایوارڈز کی بات کی جائے تو ہینڈسم رنبیر کپور نے میدا ن مار لیا فلم ” برفی“ میں اپنی شاندار اداکاری سے اور جیت لیا بہترین اداکار کا ایوارڈ۔ یہی نہیں ”برفی“ سال کی بہترین فلم بھی قرار پائی۔

ودیا بالن جو شادی کی خوشیاں بھی سلیبریٹ کر رہی ہیں ان کے لئے مزید خوشی کا باعث بنا فلم ”کہانی“ میں کئے گئے کردار پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ۔۔ ’ کہانی‘ کے ہدایت کار سوجائے گھوش بہترین ہدایت کار قرار پائے۔

برفی“ نے ایک اور ایوارڈجیتا بہترین میوزک کے لئے جو دیا تھا پریتم نے۔ فلم ’جب تک ہے جان کے لیے‘ گلزار نے بہترین نغمہ نگار کا ایوارڈ جیتا۔

”جب تک ہے جاں“ کے لئے اداکارہ انوشکا شرما کو بہترین معاون اداکارہ جبکہ فلم ”وکی ڈونر“ کے لیے اداکار انو کپور کو بہترین معاون اداکار قرار دیا گیا۔


سال 2012ء میں وفات پانے والے بھارتی ہدایتکار اور پروڈیوسر یش چوپڑا کو بھی اس تقریب میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور انہیں بعداز مرگ ”لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ دیا گیا۔

کریٹک ایوارڈز کی کیٹگری میں فلم ”پان سنگھ تومر“ کے لئے عرفان خان کو بہترین اداکار جبکہ ریچا چڈھا کو ”گینگز آف واسع پور“ کے لیے بہترین اداکارہ قرار دیا گیا۔ بہترین فلم کا کریٹک ایوارڈ بھی ”گینگز آف واسع پور“ کے ہی حصے میں آیا ۔

بیسٹ ڈبیو دائریکٹر کا ایوارڈ جیتا گوری شیندے نے فلم ’انگلش ونگلش‘ کے لئے حاصل کیا۔

جن خوش نصیبوں نے ایوارڈز جیتے وہ تو خوش تھے ہی، لیکن فلم فئیر کی شام اتنی دلکش اورتفریح سے بھرپور رہی کہ نہ جیتنے والوں نے بھی موج مستی سے بھری پرفارمنسز اور ہلے گلے میں ایوارڈز نہ ملنے کا شکوہ نہیں کیا بلکہ خوب انجوائے کر کے تقریب کو یادگار انداز میں اختتام تک پہنچایا۔
XS
SM
MD
LG