رسائی کے لنکس

دی لیجنڈ آف مولا جٹ: 'لکھ لیں یہ فلم گیم چینجر ثابت ہوگی'


'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے۔
'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے۔

قانونی چارہ جوئی اور مختلف وجوہات کی وجہ سے کئی بار تاخیر کا شکار ہونے والی پاکستانی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' اب بالآخر سنیما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار ہے۔

ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی یہ ایکشن سے بھرپور فلم 13 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔

اتوار کو 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کا آفیشل ٹریلر جاری کیا گیا ہےجسے اب تک 10 لاکھ سے زائد شائقین دیکھ چکے ہیں۔ یہ فلم سن 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی زبان کی کامیاب فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس میں سلطان راہی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

اس ری میک ورژن کی کہانی مولا جٹ کے کردار کے گرد گھومتی ہے جس کا ماضی تشدد زدہ ہے۔ مولا جٹ اپنے پرانے دشمن نوری نت سے انتقام لینا چاہتا ہے۔

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' میں فواد خان کے ساتھ ساتھ حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، ماہرہ خان، گوہر رشید اور علی عظمت بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ جب کہ اسے پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم بھی قرار دیا جارہا ہے۔

فلم عمارہ حکمت کی 'انسائیکلو میڈیا' اور بلال لشاری کی 'لشاری فلمز' کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی ہے۔

'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مولا جٹ کے چرچے ہیں۔ پاکستان میں ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر ہیش ٹیگ 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' تیسرے نمبر پر ہے۔

اسجد ناصر کہتے ہیں کہ فلم کا ٹریلر زبردست ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا یہ ٹویٹ محفوظ کرلیں کہ یہ پاکستانی فلم باکس آفس کے ریکارڈ توڑے گی اور ایک گیم چینجر ثابت ہوگی۔

بالی وڈ کے ناقد نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ فلم بڑی بلاک بسٹر بن سکتی ہے۔

علی زین نے 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کے ٹریلر کا ریویو لکھتے ہوئے کہا کہ شاندار گرافکس، ایکشن سیکوئنس، جاندار ڈائیلاگ اور پرفارمنس۔

مہوش اعجاز نے کہا کہ فلم کے ٹریلر میں حمزہ علی عباسی اور فواد خان میرا پسندیدہ حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں ایک ہیرو اس وقت اچھا لگتا ہے جب ولن کو اسی طرح سے دکھایا گیا ہو۔

ماہرہ خان نے 10 اگست کو امریکی شوبز میگزین 'ورائٹی' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'وہ چاہے کسی بھی پراجیکٹ کی تشہیر کر رہی ہوں ان سے مولا جٹ کے حوالے سے ضرور سوال کیا جاتا تھا۔"

انہوں نے کہا تھا کہ مولا جٹ میں کام کرنا ان کے لیے بطور اداکار ایک منفرد تجربہ اس لیے تھا کیوں کہ اس فلم میں انہوں نے اس زبان میں اداکاری کی جو انہیں مکمل طور پر نہیں آتی تھی۔ اور یہ ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔

ماہرہ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ بہترین چیزیں اس وقت ہی پایہ تکمیل تک پہنچتی ہیں جب انتھک محنت اور صبر کیا جائے۔

فواد خان کا'ورائٹی' سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کے لیے مولا جٹ کا کردار کرنا ایک اعزاز ہے۔

فلم کے پروڈیوسر بلال لشاری کہتے ہیں کہ 10 سال کے عرصے میں تیار ہونے والی یہ فلم اکتوبر میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

XS
SM
MD
LG