پاسپورٹوں کی عالمی درجہ بندی میں 109 ملکوں کی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ نچلے چار ملکوں میں شامل ہے۔ پاکستان کے بعد شام، عراق اور افغانستان ہیں، جب کہ یمن اور صومالیہ اس سے اوپر ہیں۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے دنیا کے 32 ملکوں میں ویزےکے بغیر داخل ہو سکتے ہیں یا انہیں وہاں کے ایئرپورٹ پر انٹری ویزہ مل سکتاہے۔
پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت ہنلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ اس فہرست میں 85 ویں درجے پر ہے اور بھارت کے شہری 59 ملکوں میں ویزہ فری یا ایئرپورٹ پر ویزہ انٹری کے اہل ہیں۔
لندن میں قائم عالمی شہریت اور رہائشی مشاورتی گروپ ہنلے اینڈ پارٹنرز سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ جاری کرتا ہے، جس میں یہ بتایا جاتا ہے کہ کس ملک کا پاسپورٹ کتنا طاقت ور ہے۔ پاسپورٹ کی طاقت کا معیار یہ ہے کہ پاسپورٹ رکھنے والے کتنے ملکوں میں ویزے کے بغیر یا پھر ایئرپورٹ پر ویزہ حاصل کر کے داخل ہو سکتے ہیں۔
طاقت ور پاسپورٹ کے حامل افراد کو دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں بین الاقوامی سفر کی زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پاسپورٹ کی طاقت کا انحصار کسی ملک کی طاقت ور معیشت، عسکری قوت یا سفارتی اثرو رسوخ پر نہیں ہوتا۔ مثال کےطور پر دنیا کی سب سے بڑی معاشی قوت اور سپر پاور رکھنے والے ملک امریکہ کا پاسپورٹ اس رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ جب کہ طاقت ور ترین پاسپورٹ جاپان کا ہے۔ جسے دنیا کے 193 ملکوں میں ویزہ فری یا ایئرپورٹ پر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت حاصل ہے۔
آپ کو یہ بھی جان کر حیرت ہو گی کہ دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹ رکھنے والے پہلے تین ملکوں کا تعلق براعظم ایشیا سے ہے۔ جاپان کا ذکر تو ہم کر ہی چکے ہیں، باقی دو ملک سنگاپور اور جنوبی کوریا ہیں۔ جن کے شہریوں کو دنیا کے 192 ملکوں میں ویزہ فری یا ایئرپورٹ پر ویزہ انٹری کی سہولت حاصل ہے۔
براعظم یورپ کے زیادہ تر ممالک کا شمار طاقت ور پاسپورٹ کے حامل قوموں میں ہوتا ہے۔ جرمنی اور اسپین کے پاسپورٹوں کی ویزہ فری رسائی دنیا کے 190 ملکوں تک ہے۔ یورپ کے دیگر ملک بھی اس ہندے سے بہت قریب ہیں۔ ان کے پاسپورٹ 189 سے 183 ملکوں کے دروازے ان پر کھول دیتا ہے۔
آسٹریلیا، کینیڈا اور یونان اس درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہیں اور ان کے پاسپورٹ 185 ملکوں میں ویزی فری یا ویزہ آن ارائیول کے لیے قابل قبول ہیں۔
بین الاقوامی سفر پر نٖظر رکھنے والے گروپس کا کہنا ہے کہ اب جب کہ کرونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے اور سفر کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے.مسافروں کی تعداد وبا شروع ہونے سے پہلے کے مقابلے میں 75 فی صد تک پہنچ گئی ہے۔ جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سیاحوں میں مقبول مقامات کی جانب سفر میں اضافہ ہو گا اور ان کی رونقیں پھر سے بحال ہو جائیں گی۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارت بہت سے سیاحوں کی منزل بن سکتا ہے جو 181 ملکوں کے شہریوں کو ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
دنیا کے طاقت ور پاسپورٹس کا ذکر تو ہو چکا، اب بات دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹ کی بھی ہو جائے۔ اس فہرست میں سب سے نیچے افغانستان ہے ، جس کے پاسپورٹ کو دنیا کے 200 سے زیادہ ملکوں میں سے صرف 27 میں ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول رسائی ملتی ہے۔
(سی این این)