رسائی کے لنکس

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی بنگلہ دیش کو شکست، سیریز 0-3 سے پاکستان کے نام


پاکستان نے بنگلہ دیش کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دی۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کو آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دی۔

پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر لیا ہے۔

ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ محمد نعیم 47، شمیم حسین 22 اور عفیف حسین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کپتان محمد اللہ 13، نجم الحسین شانتو پانچ، نورالحسن چار اور امین الاسلام تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر اور محمد وسیم نے دو دو جب کہ حارث رؤف اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔​

125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بابر اعظم 25 گیندوں پر 19 رنز بنا کر 32 کےمجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان کا ساتھ دینے کے لیے تیسرے نمبر پر آنے والے کھلاڑی حیدر علی تھے۔ ان دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ 83 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 40 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان ٹیم کے 83 پر دو کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد حیدر علی اور سرفراز احمد نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا اور 19 اوورز تک ٹیم کا اسکور 117 رنز تک پہنچا دیا۔

آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے چھ گیندوں پر آٹھ رنز درکار تھے کہ پہلی گیند ڈاٹ بال ہوئی، جس کے بعد اگلی ہی گیند پر سرفراز احمد کیچ آؤٹ ہو گئے۔

میچ سنسنی خیز مرحلے میں اس وقت داخل ہوا جب اگلی ہی گیند پر حیدر علی چھکا مارنے کی کوشش میں فیلڈر کو کیچ دے بیٹھے۔

دو گیندوں پر دو آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے تین گیندوں پر آٹھ رنز درکار تھے کہ بلے باز افتخار احمد نے اوور کی چوتھی گیند پر چھکا لگا کر میچ کو مزید دلچسپ کردیا۔

پاکستان کو آخری دو گیندوں پر دو رنز درکار تھے کہ اوور کی پانچویں گیند پر افتخار احمد بھی شاٹ مارتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

آخری اوور میں تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا جوش عروج پر پہنچ گیا تھا۔ آخری گیند پر پاکستان کو جیت کے لیے دو رنز درکار تھے کہ محمد نواز نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔

پاکستان نے آخری ٹی ٹوئنٹی میں پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 45 رنز حیدر علی نے اسکور کیے جب کہ محمد رضوان 40 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ اسکورر رہے۔

بنگلہ دیش کی طرف سے آخری اوور کرانے والے محمد اللہ نے دس رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان نے آخری میچ کے لیے اپنے چار سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا تھا جن کی جگہ دیگر کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے شاہنواز دھانی ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا جب کہ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد، افتخار احمد اور عثمان قادر فائنل الیون کا حصہ تھے۔

تجربہ کار بلے باز شعیب ملک، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور شاداب خان کو آرام کا موقع دیا گیا تھا۔

آخری میچ کے لیے میزبان بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم میں بھی تین تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ شاہد الاسلام نے آج ڈیبیو میچ کھیلا جب کہ شمیم حسین اور نسیم احمد فائنل الیون کا حصہ تھے۔ بنگلہ دیش کے فاسٹ بالر مستفیض الرحمٰن، سیف حسن اور شریف الاسلام کو آرام دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG