رسائی کے لنکس

تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست


تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کی شکست کی وجہ مڈل آرڈر بلے بازوں کی ناکامی تھی ۔ وہ کریز پر ٹک نہیں سکے اور ایک کے بعد ایک کر کے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

پورٹ آف اسپین میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا تیسرا ٹی 20 میچ ویسٹ انڈیز نے جیت لیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لئے 138رنز بنانا تھے جو اس نے صرف تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 14 اعشاریہ 5 اوورز میں یعنی مقررہ 20 اوورسے بھی بہت پہلے بنا لیے۔

آج کے میچ میں پاکستان کے ہارنے کی وجہ وہی رہی جو اکثر ہوتی ہے ۔ اس کے مڈل آرڈر بیٹسمین کریز پر پوری طرح ٹک ہی نہیں پائے اور ایک کے بعد ایک جلدی جلدی آؤٹ ہوتے چلے گئے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بناتے ہوئے میچ جیتنے کے لئے 138 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کا پہلا کھلاڑی دو رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگیا۔

یہ تھے والٹن جنہوں نے ایک رن کا انفرادی اسکور بنایا اور فخر زمان کے ہاتھوں سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم بعد میں آنے والے دونوں کھلاڑیوں نے دھواں دھار بیٹنگ سے رنگ جما دیا۔ سیموئلز اور لوئس نے جمع بالرز کی پٹائی کی۔

جس وقت ویسٹ انڈیز کا مجموعی اسکور 58رنز تھا پاکستان کو دوسری کامیابی ملی۔ سیموئلز 19 بالز پر 18رنز بنا کر عماد وسیم کے ہاتھوں وہاب ریاض کو کیچ دے بیٹھے۔

سیموئلز کے بعد محمد آئے، انہوں نے بھی تیز رنز بنانے میں لوئس کا ساتھ دیا۔ لوئس نے شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے 91رنز بنائے تاہم شاداب خان کی گیند پر وہاب ریاض نے انہیں میچ ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے ہی کیچ کرلیا۔

ان کی جگہ نئے بیٹسمین سیمنز نے لی تاہم اس وقت تک میچ پوری طرح ویسٹ انڈیز کی گرفت میں آ چکا تھا۔ انہوں نے ایک گیند کھیلی، اسی پر چوکا مارا اور میچ جیت لیا جبکہ محمد نے 17 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ یہ دونوں کھلاڑی آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تھا جو ہفتے کو پورٹ آف اسپین میں کھیلا گیااور جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اس سے پہلے کے دونوں میچ پاکستان جیت چکا ہے۔

اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور کامران اکمل نے کیا لیکن احمد شہزاد صرف بالز پر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ انہیں بدری نے بولڈ کیا۔ شہزاد صرف ایک چوکا ہی لگا سکے۔

ان کی جگہ عماد وسیم نے لی لیکن وہ بھی صرف دو بال ہی کھیل سکے اور انفرادی رنز کا بھی کھاتا کھولے بغیر والٹن کے ہاتھوں بدری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

کامران اکمل نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48 جبکہ شعیب ملک اس بار صرف دو رنز بناسکے۔ بابر اعظم نے 43 رنز بنائے، انہیں بدری نے کلین بولڈ کیا۔ یہ آج کا دوسرا بڑا اسکور تھا۔

پاکستانی کپتان سرفراز احمد صرف تین رنز بنا سکے اور پویلین لوٹ گئے۔ وہاب ریاض نے صرف ایک رن بنایا۔ فخر زمان رن آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 21رنز بنائے۔

سہیل تنویر نے دو رنز اور شاداب خان نے تین رنز بنائے اور یہ دونوں ہی کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے بدری نے دو اور ولیمز، بریتھویٹ، نارائن اور سیمویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم مندرجہ ذیل کھلاڑیوں پر مشتمل تھی:
کامران اکمل، احمد شہزاد، بابر اعظم، فخر زمان، شعیب ملک، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل تنویر، وہاب ریاض اور حسن علی.

ویسٹ انڈین ٹیم
ایوین لوئس ،رچیڈوک والٹن، مارلن سیموئلز، لینڈل سیمنز،کائرون پولارڈ، جے این محمد، بریتھویٹ، جے پی ہولڈر، سنیل نارائن، بدری اور ولیمز۔

XS
SM
MD
LG