رسائی کے لنکس

ترک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 13 اہلکار ہلاک


جنوبی ترکی میں واقع انجرلک کا فضائی اڈہ (فائل فوٹو)
جنوبی ترکی میں واقع انجرلک کا فضائی اڈہ (فائل فوٹو)

حادثہ بدھ کی شب عراق کی سرحد سے منسلک ترک صوبے سرنک میں پیش آیا جہاں ترک فوج کرد علیحدگی پسندوں کےخلاف کارروائی میں مصروف ہے۔

ترکی کی مسلح افواج کا ایک ہیلی کاپٹر ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ حادثے کےنتیجے میں ہیلی کاپٹر پر سوار تمام 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ترک فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق حادثہ بدھ کی شب عراق کی سرحد سے منسلک ترک صوبے سرنک میں پیش آیا جہاں ترک فوج کرد علیحدگی پسندوں کےخلاف کارروائی میں مصروف ہے۔

بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ تیکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ اطلاعات ہیں کہ حادثے کا شکار ہونے والا 'اے ایس 532 کوگر' ساختہ ہیلی کاپٹر سرنک کے علاقے سینوبا کے ایک فوجی مرکز سے اڑان بھرنے کے فوراً ہی بعد ایک ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن لائن سے ٹکرانے کے باعث تباہ ہوا۔

ترک فوج کے بیان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والوں سے متعلق نہیں بتایا گیا۔ البتہ ایک نجی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر پر ایک فوجی وفد سوار تھا جو سینوبا کے علاقے میں جاری فوجی کارروائی کے معائنے کے لیے گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ترک فوج کے ایک میجر جنرل اور چھ دیگر افسران بھی شامل ہیں۔

سرنک کرد علیحدگی پسند تنظیم 'پی کے کے' کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے جس کے خلاف ترک فوج ماضی میں کئی بڑے آپریشن کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG