رسائی کے لنکس

مالی: راکٹ حملے میں امن رضاکار سمیت تین ہلاک


فائل
فائل

بعض راکٹ چھاؤنی کے نزدیک قائم عرب خانہ بدوشوں کی بستی پر بھی گرے جن سے دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

خانہ جنگی کا شکار افریقی ملک مالی میں اقوامِ متحدہ کی امن فوج کے ایک مرکز پر راکٹ حملے میں فوج کے ایک اہلکار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مالی میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق کڈل کے علاقے میں موجود امن فوج کے مرکز پر اتوار کو 30 سے زائد راکٹ فائر کیے گئے جن کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

بیان کے مطابق بعض راکٹ چھاؤنی کے نزدیک قائم عرب خانہ بدوشوں کی بستی پر بھی گرے جن سے دو افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ امن فوج کی جانب سے جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملے میں کون ملوث تھا۔

اس حملے سے ایک روز قبل ایک مسلح شخص نے مالی کے دارالحکومت بماکو کے ایک ریستوران میں گھس کر فائرنگ کردی تھی جس میں پانچ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

ہفتے کو دارالحکومت کے 'لا تیراسے' نامی ریستوران پر یہ حملہ علی الصباح کیا گیا تھا جس کے بعد حملہ آور ایک گاڑی میں فرار ہوگیا تھا جس میں اس کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔

پولیس نے حملے کے فوراً بعد دو مشتبہ افراد کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا تھا لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا ان کا حملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

حملے کا نشانہ بننے والا ریستوران شہر کے ایک پوش علاقے میں واقع ہے جس میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں دو مقامی باشندوں کے علاوہ ایک فرانسیسی اور بیلجئم کا ایک شہری بھی شامل تھے۔

واقعے کے بعد فرانس کے صدر فرانسس اولاں نے حملے کو ایک "بزدلانہ کارروائی" قرار دیتے ہوئے مالی میں قائم فرانسیسی سفارت خانے اور دیگر تنصیبات کی سکیورٹی سخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مالی فرانس کی سابق نوآبادی ہے اور فرانس مالی کے شمالی علاقے پر قابض علیحدگی پسندوں اور 'القاعدہ' کے حامی جنگجووں سے مقابلے پر مقامی حکومت کی مدد کرتا رہا ہے۔

اس وقت بھی لگ بھگ تین ہزار فرانسیسی فوجی مالی میں تعینات ہیں جو جنگجووں سے واگزار کرائے جانے والے علاقوں پر سرکاری عمل داری بحال کرنے کی کوششوں میں سرکاری فوج سے تعاون کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG