رسائی کے لنکس

'موسے والا جیسا کردوں گا'؛ سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کی دھمکی


 ریاست مہاراشٹرا کی وزارتِ داخلہ نے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔
ریاست مہاراشٹرا کی وزارتِ داخلہ نے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو اتوار کو ایک نامعلوم شخص کی جانب سے 'دھمکی آمیز خط' موصول ہوا ہے جس پر لکھا تھا کہ "موسے والا جیسا کردوں گا۔"

ممبئی پولیس کے مطابق سلیم خان کو ممبئی کے علاقے باندرا کے واکنگ ٹریک 'باندرا بینڈ اسٹینڈ پرومینیڈ' پر صبح ساڑھے سات سےآٹھ بجے کے درمیان 'دھمکی آمیز خط' ملا جس پر ان کے ساتھ سلمان خان کا نام بھی تحریر تھا۔

بھارتی نیوز ایجنسی 'اے این آئی' کے مطابق سلمان خان کے والد سلیم خان روزانہ ورزش کے لیے واکنگ ٹریک پر جاتے ہیں اور اس دوران ایک بینچ پر بیٹھ کر کچھ دیر آرام کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اتوار کو بھی سلیم خان معمول کے مطابق جب آرام کی غرض سے بینچ پر بیٹھے تو انہیں وہاں پہلے سے موجود خط ملا جس پر تحریر تھا "موسے والا جیسا کردوں گا۔"

باندرا پولیس نے اس خط کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ 29 مئی کو بھارت کے معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی ذمے داری 'لارنس بشنوئی گینگ' کے ایک رکن نے قبول کی تھی۔

لارنس بشنوئی گینگ بالی وڈ اداکار سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے۔

'اے این آئی' کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کی وزارتِ داخلہ نے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کو قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے 2018 میں بنگلور سے سمپت نہرا نامی شخص کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم کا دعویٰ تھا کہ کالے ہرن کے شکار کے ردِعمل میں اسے بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کرنے کا ہدف سونپا گیا تھا اور اسے یہ کام کرنے کے لیے 'لارنس بشنوئی نے کہا تھا۔

بعدازاں 2020 میں پولیس نے بشنوئی گینگ کے کارندے راہل عرف سانگا عرف بابا عرف سنی کو اترا کھنڈ سے ایک اور قتل کیس میں گرفتار کیا تھا۔

مقامی پولیس نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ راہل سے تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرنے کے ارادے سے ممبئی گیا تھا اور اس کے لیے دو دن تک اس نے باندرا میں بالی وڈ اسٹار کی رہائش گاہ کے قریب قیام بھی کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG