رسائی کے لنکس

بھارت: تبتی باشندے کی خودسوزی کی کوشش


تبت سے متعلق چینی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بطورِ احتجاج بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک تبتی باشندے کی خود سوزی کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

پیر کو نئی دہلی میں تبتی باشندوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران ایک شخص نے خود کو آگ لگالی لیکن دیگر مظاہرین نے اپنے ساتھی کو مکمل طور پر جھلسنے سے بچالیا۔

بعد ازاں زخمی کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن اس کے زخموں کے بارے میں تاحال واضح نہیں ہوسکا ہے۔

تبتی باشندوں کے حقوق کےلیے سرگرم تنظیموں کے مطابق چین کی تبت سے متعلق پالیسیوں کے خلاف بطورِ احتجاج گزشتہ ایک برس کے دوران میں لگ بھگ 30 تبتی باشندے خود کو نذرِ آتش کرچکے ہیں۔

تاہم تبتی مظاہرین کی جانب سے چین کی حدود سے باہر خود سوزی کی یہ پہلی کوشش ہے جو ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب چین کے صدر ہوجن تائو رواں ہفتے بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں۔

چین کا موقف ہے کہ تبت ہمیشہ سے اس کا حصہ رہا ہے۔ تاہم تبتی باشندوں، جن کی اکثریت بدھ مت کی پیروکار ہے، کا کہنا ہے کہ ان کا علاقہ صدیوں سے خود مختار ہے۔

XS
SM
MD
LG