رسائی کے لنکس

ٹائمز سکوئر دھماکہ کیس: ایف بی آئی کی طرف سے تلاشی


امریکہ کے وفاقی تفتیشی ادارے (ایف بی آئے) کا کہنا ہے کہ اِس ماہ کے شروع میں نیویارک کے ٹائمز سکوئر میں بم دھماکے کی ناکام کوشش کے حوالے سے جمعرات کو اُس کے ایجنٹوں نے ملک کے شمال مشرقی علاقے کے متعدد مقامات کی چھان بین کی ہے۔

اِس ضمن میں، ریاست میساچیوسٹس میں بوسٹن کے مضافات میں واقع واٹر ٹاؤن قصبے کے ایک گھر کی تلاشی لی گئی۔ بوسٹن کے مضافات ہی میں بروکلین کےایک پٹرول سٹیشن پر چھاپہ مارا گیا۔ عہدے داروں نے بتایا ہے کہ تفتیش کاروں نے نیو یاک کے دوسرے مقامات پر بھی تلاشی کا کام جاری رکھا۔

ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران امیگریشن ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزی پرکم سے کم دو افراد کو حراست میں لیا گیا۔

عہدے داروں نے بتایا ہے کہ یہ تلاشیاں ناکام کار بم حملے کے سلسلے میں ہونے والی تفتیش میں ملنے والے ثبوت کی بنیاد پر کی گئیں۔

بم دھماکہ کرنے کی کوشش پر پاکستانی نژاد امریکی شہری فیصل شہزاد پر الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔ پہلی مئی کو بم برآمد ہونے کے دو روز بعد 30برس کے شہزاد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ شہزاد نے بتایا ہے کہ تشدد پسندوں نے اُنھیں پاکستان میں دھماکہ خیز مواد تیار کرنے اور چلانے کی تربیت دی ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے شہزاد کی شناخت اور گرفتاری کی کوششوں پر تفتیش کاروں کی تعریف کی ہے۔ جمعرات کو ایوانِ نمائندگان کی عدالتوں کے امور پر کمیٹی کی سماعت کے لیے تیار کردہ اپنی تقریر میں ہولڈر نے کہا کہ انصاف کے سویلین نظام کی بدولت مشتبہ دہشت گرد سے کارآمد اطلاعات اخذ کرنے میں مدد ملی ہے۔ اِس حوالے سے اُنھوں نے شہزاد کی مثال پیش کی۔

پاکستانی حکام نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اِس بات کی تفتیش کریں گے آیا پاکستان میں شہزاد کے دہشت گردوں کے ساتھ روابط تھے۔

XS
SM
MD
LG