آج کی عورت کے بارے میں اکثر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پرانی نسل کی خواتین کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور زیادہ پُر اعتماد ہوتی ہیں۔
لیکن ایک نئے مطالعاتی جائزہ رپورٹ سے یہ انکشاف ہوا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں عورتوں میں اپنے بارے میں کم خود اعتمادی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی کہ پرانی نسل کی خواتین میں اپنی شخصیت کا تصور زیادہ بہتر ہوتا تھا جب کہ ان کے مقابلے میں آج کی عورت آئیڈیل خوبصورتی کے تصور کےحوالے سے دباؤ کا شکار ہے۔
مطالعے سے پتا چلا کہ فی الحال جو خواتین 18 سے 30 سال کی عمر کی ہیں وہ بہت کم پر اعتماد ہیں اپنی ماؤں کے مقابلے میں جب وہ ان کی عمر کی تھیں۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدید عورت اپنے بارے میں بہت کم مثبت خیالات رکھتی ہے اور اپنی ماؤں کے مقابلے میں اپنی ظاہری شکل و صورت کے بارے میں50 فیصد کم مثبت خیالات کی مالک ہے۔
جبکہ پچھلی نسل کی ان کی عمر کی خواتین کی فی دن چھ مثبت سوچ کے مقابلے میں وہ اپنے بارے میں اوسطاً فی دن صرف 3 مثبت تصورات رکھتی ہیں۔
محققین نے 18 سے 30 سال کی ایک ہزار خواتین کی معلومات کا موازنہ 50 سے 65 سال کی خواتین کے ساتھ کیا ہے اور مجموعی طور پر ہر نسل کے درمیان مثبت سوچ اور خوشی کے حوالے سے ان کے نقطئہ نظر کے فرق کا تجزیہ کیا ہے۔
مطالعہ سے اس بات کی نشاندہی ہوئی کہ نئی نسل کی عورت کے دماغ میں اپنی مجموعی شخصیت کی شبیہ، خوبصورتی، صحت، کیرئیر اور فٹنس کے حوالے سے فی دن نو منفی تصورات آتے ہیں۔
محققین نے لکھا کہ جدید عورت کے لیے جسمانی شبیہ کے تصور اور مجموعی خوشی کے درمیان گہرا تعلق موجود تھا۔
اس کے برعکس عمر رسیدہ خواتین کے گروپ کی 20 فیصد خواتین نے بتایا کہ وہ 30 سال کی عمر میں زیادہ پر اعتماد تھیں اسی طرح مجموعی طور پر 76 فیصد عمر رسیدہ خواتین اس بات سے متفق تھیں کہ وہ جوانی میں اپنی ظاہری شکل و صورت کے بارے میں خوش اور مطمئن رہتی تھیں۔
دوسری طرف 30 سال کی 10 فیصد سے کم خواتین اپنی ظاہری خوبصورتی کے بارے میں خوش تھیں اور 66 فیصد خواتین نے بتایا کہ وہ مجموعی طور پر اپنی شخصیت سے خوش ہیں۔
مزید برآں صرف 5 فیصد خواتین نے جواب دیا کہ وہ اہنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے مطمئن ہیں۔
اور تقریباً نصف کے قریب خواتین کا کہنا تھا کہ آئیڈیل جسمانی شبیہ کا تصور ایک ایسا مسئلہ ہے، جو انھیں سب سے زیادہ پریشان کرتا ہے۔
تاہم اپنی ماؤں کے مقابلے میں جدید دور کی خواتین نے خود کو سماجی تعلقات، ذہانت، ہنسی مذاق اور دوستی کے حوالے سے زیادہ پر اعتماد بتایا ہے۔
دوسری طرف عمر رسیدہ خواتین کے گروپ سے 58 فیصد خواتین نے اتفاق کیا کہ آج کی عورت ان کے مقابلے میں زیادہ بااختیار ہے۔
پرانی نسل کی نصف سے زائد 55 فیصد خواتین نے اتفاق کیا کہ ان کے مقابلے میں نئی نسل کی نوجوان خواتین اچھی دکھائی دینے کے حوالے سے زیادہ دباؤ میں ہیں جس کی ممکنہ وجہ سیلفی کا عروج ہو سکتا ہے۔
سٹی یونیورسٹی لندن کی سینیئر لیکچرر ڈاکٹر کیٹی ٹیپر نے کہا کہ نتائج حیران کن نہیں ہیں اور اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ آج کی عورت اپنی ماؤں کے مقابلے میں اپنی مجموعی خوبصورتی کے تصور کے بارے میں بہت زیادہ حساس ہے اور جسمانی شبیہ کے حوالے سے پرانی نسل کی خواتین کے مقابلے میں بہت کم پر اعتماد ہے۔