رسائی کے لنکس

ٹوائلٹ، ایک پریم کتھا۔۔ سنگین مسئلہ، مزاح کے ساتھ


اکشے کمار میڈیا کو فلم کے متعلق بتا رہے ہیں
اکشے کمار میڈیا کو فلم کے متعلق بتا رہے ہیں

فلم میں بھارت کے اس اہم ترین مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے جس میں بھارت کی زیادہ تر آبادی میں   بیت الخلاء کے استعمال کی سہولت نہ ہونا ہے۔

بالی ووڈ کے سب سے فٹ ہیرو سمجھے جانے و الے اکشے کمار ان دنوں اپنی نئی فلم ۔۔ ٹوائلٹ، ایک پریک کتھا کی پروموشنز میں مصروف ہیں ۔ یہ فلم اکشے کی باقی فلموں کی طرح ایکشن ہونے کی بجائے ایک انتہائی سنجیدہ پیغام پر مبنی ہے۔

فلم ایک سچی کہانی پر مبنی ہے جس میں کیشوو کا کردار ادا کرنے والے اکشے کمار کی بیوی انہیں چھوڑ کر چلی جاتی ہیں ۔ اکشے کی بیوی کا کردار بھومی پڈنیکر نبھا رہی ہیں، جو انہیں اس وجہ سے چھوڑ کر چلی جاتی ہیں کیونکہ اکشے کے گھر میں ٹوائلٹ نہیں ہوتا۔

فلم کی کہانی کیشوو کی اپنی بیوی کو منانے کے لئے کرنے والی کوشش کے گرد گھومتی ہے ۔اکشے کمار کا کہنا ہے کہ فلم میں مزاح کا عنصر اسے ڈاکو منٹری کی بجائے کمرشل بنانے کے لئے ڈالا گیا ہے۔

فلم میں بھارت کے اس اہم ترین مسئلے کو موضوع بنایا گیا ہے جس میں بھارت کی زیادہ تر آبادی میں بیت الخلاء کے استعمال کی سہولت نہ ہونا ہے۔

دنیا کے صرف 10 ملکوں میں دو ارب 60 کروڑ افراد ایسے ہیں جو بیت الخلاء کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے رفع حاجت کے لیے کھلے مقام پر جانے پر مجبو رہیں ۔ ان میں بھارت پہلے نمبر پر ہے ۔ بھارت کی کل آبادی کا 34 فی صد یعنی 49 کروڑ افراد بیت الخلاء کی سہولت سے محروم ہیں ۔ وہ رفع حاجت کے لئے کھیتوں، ٹرین کی پٹریوں ، نہروں اور ندی نالوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ گھروں میں بیت الخلا کی محرومی بھارت میں ماحول اور پانی کی آلودگی کی ایک اہم وجہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارت میں 7 کروڑ 60 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی اور 77 کروڑ کو جسمانی صفائی کی سہولت میسر نہیں ہے ۔یہی وجہ ہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں ہر سال دو لاکھ بچے گندگی کے باعث پھیلنے والی بیماریوں کے باعث مر جاتے ہیں۔

ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:54 0:00

اس مسئلے کا ایک سنگین پہلو یہ بھی ہے کہ رفع حاجت کے لئے گھروں سے نکلنے والی کئی خواتین کو جنسی زیادتی جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گھروں میں بیت الخلاء کی غیر موجودگی کو بھارت میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کی اٹھنے والی لہر کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے۔ خواتین کی اکثریت رات کے اندھیرے یا صبح کی روشنی سے پہلے، گھروں سے باہر نکلتی ہیں جو جرائم پیشہ لوگوں کے لئے سب سے موزوں وقت ہے۔

فلم ٹوائلٹ کے ذریعے نہ صرف اس مسئلے کی طرف عوامی اور حکومتی توجہ دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلکہ ملک میں اس مسئلے کے حل کے لئے ہر سطح پر کوشش کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

فلم باکس آفس میں کامیابی حاصل کرتی ہے یا نہیں لیکن یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ یہ فلم بھارت کے ایک بڑے اور سنگین مسئلے کو سامنے لانے میں کامیاب ضرور ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG