رسائی کے لنکس

سانس کی بیماریوں سے بچنا ہے تو روزانہ ٹماٹر کھائیں


نظام تنفس  سے متعلق یورپ میں شائع ہونے والے ایک سائنسی جریدے  میں چھپنے والی رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ  یہ تحقیق جرمنی، برطانیہ اور ناروے سے تعلق رکھنے والے 680 افراد پر کی گئی جنہوں نے سن 2002 میں خود کو اس پروگرام کے رجسٹر کیا تھا۔

تمباکو نوشی ترک کرنے والوں کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ اگر وہ روزانہ دو ٹماٹر کھانا شروع کر دیں تو ، تو تمباکو پھونکنے کی وجہ سے ان کے پھیپھٹروں کو جو نقصان پہنچ چکا ہے، اس کے ازالے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایک تازہ سائنسی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پھیپھٹروں کی کارکردگی میں عمر یا تمباکو نوشی کے ساتھ جو انحطاط آتا ہے، روزانہ دو ٹماٹر کھانے سے اس میں کمی کی جا سکتی ہے۔

تحقیق میں سائنس دانوں نے کہا ہے کہ دن میں تین قسم کے پھل کھانے کا بھی پھیپھٹروں کی کارکردگی پر وہی مثبت اثر پڑتا ہے جو دو ٹماٹر روزانہ کھانے سے ہوتا ہے۔ لیکن اس میں سیب کا شامل ہونا ضروری ہے۔

امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں قائم جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے صحت عامہ سے متعلق شعبے میں کی جانے والی اس تحقیق کے شریک مصنف وینیسا گارسیکا لارسین نے کہا ہے کہ اس تحقیق سے یہ پتا چلا ہے کہ ہماری خوراک تمباکو نوشی سے جسم کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے میں مدد دے سکتی ہے، لیکن یہ اسی صورت ہو سکتا ہے کہ آپ تمباکو نوشی مکمل طور پر چھوڑ دیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر آپ اپنی خوراک میں کم ازکم تین پھلوں کو شامل کر لیں تو عمر گذرنے کے ساتھ پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی رفتار کو سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

نظام تنفس سے متعلق یورپ میں شائع ہونے والے ایک سائنسی جریدے میں چھپنے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تحقیق جرمنی، برطانیہ اور ناروے سے تعلق رکھنے والے 680 افراد پر کی گئی جنہوں نے سن 2002 میں خود کو اس پروگرام کے رجسٹر کیا تھا۔

پروگرام میں شامل افراد کو ایک سوال نامہ دیا گیا اور ان کے جوابات کا تجزیہ کرنے کے بعد رپورٹ کا حصہ بنایا گیا۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سوال نامے کے علاوہ رضاکاروں کے پھیپھڑوں کی کارکردگی کے دو ٹیسٹ بھی لیے گئے۔ پہلا ٹیسٹ اس وقت لیا گیا جب انہوں نے اس پروگرام میں شمولیت کی تھی اور دوسرا ٹیسٹ 10 سال کے عرصے کے بعد کیا گیا اور اس دوران ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔

ٹیسٹ میں یہ جائزہ لیا گیا کہ ایک شخص کے پھیپھڑے ہوا کی کتنی مقدار خارج کر سکتے ہیں اور 60 سیکنڈ کے اندر ہوا کی کتنی مقدار جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ 30 سال کی عمر کے بعد پھیپھٹروں کی کارکردگی میں قدرتی طور پر انحطاط آنا شروع ہو جاتا ہے اور ان افراد میں انحطاط کی رفتار زیادہ تیز ہوتی ہے جو تمباکو نوشی بھی کرتے ہیں۔

اس تحقیق میں رضاکاروں کی عمر، قد، وزن، جنس، آمدنی اور جسمانی سرگرمیوں کے ریکارڈ کو بھی پیش نظر رکھا گیا ۔

سائنس دانوں کو پتا چلا کہ جن افراد نے روزانہ دو ٹماٹر یا تین قسم کے پھل کھائے تھے، ان میں پھیپھڑوں کے انحطاط کی رفتار سست تھی۔ حتی کہ تمباکو نوشي سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کو دور کرنے میں بھی مدد ملی تھی۔

رپورٹ کی شریک مصنف کارسیکا لارسین کا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے یہ بھی پتا چلا کہ تازہ پھل اور سبزیاں ہی فائدہ مند ہوتی ہیں۔ پراسس کی گئی سبزیوں اور پھلوں کے صحت پر نمایاں مثبت اثرات سامنے نہیں آئے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان افراد کو جو سانس کے مسائل میں مبتلا ہیں اور جن کے پھیپھڑوں کی کارکردگی کمزور پڑتی جا رہی ہے، انہیں روزانہ دو ٹماٹر اور تازہ پھل اور سبزیوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنا لینا چاہیے۔

XS
SM
MD
LG