رسائی کے لنکس

حزب اللہ کا اہم کمانڈر شام میں فضائی حملے میں مارا گیا


حزب اللہ کے جنگجو (فائل فوٹو)
حزب اللہ کے جنگجو (فائل فوٹو)

امریکی محکمہ خزانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ بدرالدین شام میں 2011ء سے حزب اللہ کی سرگرمیوں کا ذمہ دار ہے۔

عسکریت پسند گروپ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس کا ایک اہم کمانڈر مصطفیٰ بدرالدین شام میں ہونے والے ایک فضائی حملے میں مارا گیا ہے۔

لبنان میں موجود حزب اللہ نے جمعہ کو بیروت کے ایک ٹی وی چینل پر جاری بیان میں بتایا کہ 55 سالہ کمانڈر اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنا۔

اسرائیل کی طرف سے فوری طور پر اس بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مصطفیٰ بدرالدین 2008ء سے حزب اللہ کے عسکری کمانڈر کا منصب سنبھالے ہوئے تھا۔

2005ء میں لبنان کے سابق وزیراعظم رفیق الحریری کے قتل کی سازش پر جن چار افراد کو موردالزام ٹھہرایا گیا تھا بدرالدین ان میں بھی شامل تھا۔ ان تمام افراد پر ان کی غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

تاہم حزب اللہ اس حملے میں کسی بھی طرح ملوث ہونے کی تردید کرتا ہے۔

بدرالدین کو 1983 میں کویت میں ہونے والے بم حملوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت بھی سنائی جا چکی تھی۔

وہ 1990 میں عراق کے صدر صدام حسین کی قیادت میں کویت پر حملے کے دوران جیل سے فرار ہونے میں کامیاب رہا تھا۔

2015ء میں امریکی محکمہ خزانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ بدرالدین شام میں 2011ء سے حزب اللہ کی سرگرمیوں کا ذمہ دار ہے۔

XS
SM
MD
LG