رسائی کے لنکس

خلیج میکسیکو سے تیل کا اخراج روکنے کی کوشش ناکام


آئل کمپنی برٹش پٹرولیم نے اعلان کیا ہے کہ خلیج میکسیکو میں پھٹ جانے والے کنویں سے تیل کا اخراج روکنے کی اس کی تازہ ترین کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

ہفتے کی شام ایک بریفنگ میں برٹش پٹرولیم کے ایکزیکٹیو ڈگ سٹلز نے کہا کہ کمپنی کنویں کو بند کرنے کے لیےبھاری مقدار میں ڈرلنگ میٹریل اور دوسرے مواد کے استعمال کے باوجود تیل کا بہاؤ روکنے میں ناکام رہی ہے۔

مسٹر سٹلز نے کہا کہ کمپنی کی اگلی حکمت عملی یہ ہوگی کہ وہ سمندر کی تہہ کے قریب کھدائی کے پائپ پر ڈھکن نصب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈھکن سے زیادہ تر اخراج رک جائے گا، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس کارروائی میں کم ازکم چار دن لگ سکتے ہیں۔

تباہ شدہ کنویں سے ، پچھلے مہینے سے روزانہ اندازاً 12 ہزار سے 19 ہزار بیرل تک تیل خارج ہورہاہے ، جو امریکی تاریخ میں کسی حادثے کی صورت میں تیل کے بہاؤ کا بدترین واقعہ ہے۔

برٹش پٹرولیم کے اعلان کے بعد، امریکی صدر براک اوباما نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت تیل کا اخراج روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

XS
SM
MD
LG