رسائی کے لنکس

میانمار: حکمران جماعت کے اعلیٰ عہدیدار برطرف


شوئے من
شوئے من

ایوان صدر کے ڈائریکٹر زوان ہٹے کے مطابق ’’یہ صرف پارٹی قیادت کا مسئلہ ہے، اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ صدر پارٹی کے چیئر مین شوے من کو ہٹانا چاہتے ہیں جو پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی ہیں۔

میانمار کے صدر جمعرات کو اپنے وزرا کے ساتھ مل کر حکمران جماعت میں بظاہر بڑی تبدیلیوں پر غور کر رہے ہیں۔

ایک عہدہدار کا کہنا ہے کہ صدر تھائن سین کی پوزیشن مضبوط ہے۔

ایوان صدر کے ڈائریکٹر زوان ہٹے کے مطابق ’’یہ صرف پارٹی قیادت کا مسئلہ ہے، اس پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ صدر پارٹی کے چیئر مین شوے من کو ہٹانا چاہتے ہیں جو پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی ہیں۔

یونین سولیڈیرٹی اینڈ ڈولپمنٹ پارٹی (یو ایس ڈی پی) کے حکام نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ شوے من اور پارٹی کے سیکرٹری جنرل مونگ تھائن کو پارٹی کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پارٹی کے سخت گیر مؤقف رکھنے والے ارکان کی نسبت شوے من کے بارے میں عام خیال ہے کہ وہ حزب اختلاف کی رہنما آنگ سانگ سو چی کو سیاسی طور پر زیادہ جگہ دیتے تھے۔

خبر رساں ایجنسی روئیٹرز نے اعلیٰ عہدیداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ پارٹی کے نائب چیئرمین ہٹے او کو پارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

رات کو کی جانے والی ان تبدیلیوں کے بعد سکیورٹی فورسز نے جمعرات کو یو ایس ڈی پی کے ہیڈکواٹرز کو گھیرے میں لے لیا اور حکام کو باہر کو جانے سے روکا۔ اسے کچھ لوگ ’’اندرونی بغاوت‘‘ کا نام دے رہے ہیں۔

اگلے عام انتخابات نومبر میں متوقع ہیں جو 2011 میں کئی دہائیوں بعد فوجی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلے عام انتخابات ہوں گے۔

صدر تھائن سین نے اس ہفتے پارٹی کنوینشن میں اعلان کیا تھا کہ اس بار وہ پارلیمانی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے، مگر انہیں صدر کے عہدے کے لیے دوبارہ نامزد کیا جاسکتا ہے۔

یو ایس ڈی پی کا خیال ہے کہ اسے انتخابات میں کامیابی ملے گی، جس میں 90 پارٹیاں اپنے امیدوار میدان میں اتار رہی ہیں۔

حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی سب سے مقبول پارٹی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی رہنما آنگ سانگ سو چی ایک آئینی شق کے باعث صدر بننے کے لیے نا اہل ہیں کیونکہ ان کے دونوں بیٹوں کے پاس غیر ملکی شہریت ہے۔

نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی تمام دستیاب نشستوں پر امیدوار کھڑے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اسے بھاری اکثریت سے کامیابی کی توقع ہے۔

الیکشن کمیشن نے پارٹیوں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے جمعے تک کا وقت دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG