رسائی کے لنکس

چین میں طوفانی بگولوں کے باعث درجنوں افراد ہلاک


مزید بگولوں اور ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر بھی امدادی کام متاثر ہو رہا ہے جب کہ سڑکوں پر گرے درختوں کے باعث بھی امدادی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔

چین کے مشرقی علاقے میں طوفانی بگولوں اور ژالہ باری سے مرنے والوں کی تعداد 98 ہو گئی ہے جب کہ 800 کے لگ بھگ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جمعہ کو امدادی کارکنان ایک روز قبل جیانگسو صوبے کے شہر یانچنگ اور گرد و نواح میں بگولوں سے ہونے والے تباہی کے متاثرین کی امداد میں مصروف ہیں اور اب بھی ملبے تلے افراد کی تلاش کی جا رہی ہے۔

بگولوں کے باعث کئی مکانات کو نقصان پہنچا، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ کر گر گئے۔

جیانگسو کے گورنر شی تائیفنگ نے جمعہ کو ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی۔ قبل ازیں بتایا جا رہا ہے تھا کہ 200 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری ٹی وی "سی سی ٹی وی" پر زخمیوں کو ایمبیولینسز کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کرتے اور امدادی کارکنوں کو لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے دکھایا جا رہا ہے۔

مزید بگولوں اور ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر بھی امدادی کام متاثر ہو رہا ہے جب کہ سڑکوں پر گرے درختوں کے باعث بھی امدادی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں۔

ازبکستان کے دورے پر گئے ہوئے چین کے صدر شی جنپنگ نے مرکزی حکومت کے عہدیداران کو حکم دیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کو تمام ضروری اعانت اور سہولت فراہم کریں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق بیجنگ سے متاثرہ علاقوں میں خیمے اور امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے جب کہ اسکولوں اور دیگر ایسی عمارتوں کو عارضی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG