رسائی کے لنکس

پینسلوینیا: مسافر ٹرین کا حادثہ، دو افراد ہلاک


فائل
فائل

مسافر ٹرین نیویارک سے ریاست جارجیا کے شہر سوانا جارہی تھی کہ چیسٹر کے علاقے میں پٹری پر موجود ایک بلڈوزر سے ٹکرا گئی۔

امریکہ کی شمال مشرقی ریاست پینسلوینیا میں ایک مسافر ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ ریاست کے مرکزی شہر فلاڈیلفیا کے نواحی علاقے چیسٹر میں نیم سرکاری ریل کمپنی 'ایم ٹریک' کی ایک ٹرین کو اتوار کی صبح آٹھ بجے پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق مسافر ٹرین نیویارک سے ریاست جارجیا کے شہر سوانا جارہی تھی کہ چیسٹر کے علاقے میں پٹری پر موجود ایک بلڈوزر سے ٹکرا گئی۔

چیسٹر کے فائر کمشنر ٹریوس تھامس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ بلڈوزر ریل کمپنی 'ایم ٹریک' ہی کی ملکیت تھا اور مرنے والے دونوں افراد بلڈوزر پر تعینات عملے کے رکن تھے۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ ٹرین گزرنے کے وقت پٹری پر بلڈوزر کیوں موجود تھا۔ امریکہ کے 'نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ' اور 'فیڈرل ریل روڈ ایڈمنسٹریشن' نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حادثے کے وقت ٹرین میں عملے اور مسافروں سمیت 350 افراد سوار تھے جن میں سے امدادی اہلکاروں کے مطابق 35 زخمی ہوئے ہیں۔

'ایم ٹریک' کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تمام افراد میں سے کسی کو جان لیوا چوٹیں نہیں لگی ہیں اور انہیں اسپتالوں میں مناسب طبی امداد دی جارہی ہے۔

حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن پٹری سے اتر گیا تھا جس کے بعد 'ایم ٹریک' نے امریکہ کے شمال مشرق سے گزرنے والی مرکزی ریلوے لائن پر ریاست ڈیلاور کے شہر ولمنگٹن سے فلاڈیلفیا تک اپنی سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG