رسائی کے لنکس

تین ملکی سیریز میں زمبابوے کو مسلسل چوتھی شکست


Zimbabwe, Australia
Zimbabwe, Australia

تین ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، زمبابوے کی ٹیم سیریز میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی۔سیریز کے فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

سولومون میرے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 52 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے، وکٹ کیپر بیٹسمین پیٹر مور نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کی طرف سے اینڈریو ٹائے سب سے کامیاب بولر رہے اور تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسٹین لیک اور رچرڈسن نے دو، دو اور ورلڈرموتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

153رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کو اننگز کی ابتداء ہی میں نقصان اٹھانا پڑا اور زمبابوے کے خلاف پہلے میچ میں ریکارڈ ساز 172 رنز کی اننگزکھیلنے والے کپتان آرون فنچ صرف تین رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ایلکس کیری بھی جلد آؤٹ ہوگئے اور 16 رنز ہی بناسکے۔

ٹریویس ہیڈ اور گلین میسکویل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 103رنز بنائے، جب تک دونوں بیٹسمین کریز پر رہے میچ یک طرفہ طور پر آسٹریلیا کے حق میں رہا، لیکن پہلے 56 رنزپر میکسویل اور پھر 48رنز پر ہیڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی اور بظاہر آسان نظر آنے والا میچ آخری اوور تک طول پکڑ گیا۔

آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیت کے لئے سات رنز درکار تھے،جو اسٹوئنس اور ایشٹن آگر نے ایک گیند پہلے حاصل کرلیے، یوں آسٹریلیا نے میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

عمدہ بولنگ پرفارمنس پر آسٹریلوی بولر اینڈریو ٹائے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تین ملکی سیریز میں چار، چار میچ کھیل کر پاکستان اور آسریلیا نے 12،12 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ زمبابوے کی ٹیم چاروں میچوں میں شکست کے باعث کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی، سیریز کا فائنل اتوار کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG