رسائی کے لنکس

وینزویلا میں امریکی فوجیں بھیجنے پر غور ہو رہا ہے، صدر ٹرمپ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں جاری بحران سے نمٹنے کیلئے فوجی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔

امریکہ اور متعدد مغربی ممالک وینزویلا کے سوشلسٹ صدر نکولس مڈورو سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ تاہم وینزویلا کے اتحادی ملک روس نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا کے داخلی معاملات میں مداخلت کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

امریکہ، کینڈا اور متعدد لاطینی امریکہ کے ملکوں نے گزشتہ سال وینزویلا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں نکولس مڈورو کی کامیابی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتخابات دھاندلی زدہ تھے۔ صدر ٹرمپ نے حال ہی میں حذب اختلاف کے لیڈر اور وینزویلا کی پارلیمان کے سربراہ ہوئین گوائیڈو کی حمایت کا اعلان کیا تھا جنہوں نے صدارتی انتخاب کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے خود عبوری صدر ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے نیوز چینل ’’سی بی ایس‘‘ کو اتوار کے روز انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا میں فوجی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مڈورو نے کئی ماہ قبل اُن سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اُنہوں نے ملاقات کے امکان کو مسترد کر دیا تھا کیونکہ وینزویلا میں جاری بحران کے حوالے سے اُن کی پالیسی اور امریکہ کے مؤقف میں وسیع اختلاف موجود ہے۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے تیل سے مالا مال اس ملک کی سرکاری آئل کمپنی PDVSA پر اقتصادی پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جو ملک کیلئے آمدنی حاصل کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ ویزویلا ان دنوں ادویات اور خوراک کی شدید قلت کا شکار ہے۔

مڈورو کے دور میں وینزویلا معاشی بحران سے دوچار رہا ہے اور ہزاروں شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ تاہم مڈورو کو روس، چین اور ترکی کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کی فوج بھی اُن کا مکمل ساتھ دے رہی ہے۔

روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ وینزویلا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور دیگر ملکوں کو اندرونی معاملات میں مداخلت کے بجائے ویزویلا کی مدد کرنی چاہئیے تاکہ وہ بحران سے باہر نکل سکے۔

اُدھر فرانس اور آسٹریا نے بھی کہا ہے کہ اگر مڈورو یورپین یونین کی طرف سے آزادانہ اور منصفانہ انتخاب کے انعقاد کے سلسلے میں یورپین یونین کے مطالبے کا مثبت جواب اتوار کی رات تک نہیں دیتے تو وہ حذب اختلاف کے لیڈر ہوئین گوائیڈو کی حمایت پر مجبور ہو جائیں گے۔

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاون لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ تریں خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔

ڈاون لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے:

https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے:

https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG