رسائی کے لنکس

پاکستان کے نئے سفیر واشنگٹن پہنچ گئے، عمران ٹرمپ ملاقات ترجیح ہو گی


پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ  عمران خان کی ملاقات کے امکانات پر کام کر رہے ہیں۔

امریکہ کے لیے پاکستان کے نئے سفیر اسد مجید پیر کے روز واشنگٹن پہنچے ہیں۔ انہیں ایمبسڈر علی جہانگیر صدیقی کی جگہ واشنگٹن میں تعینات کیا گیا ہے۔ جنہیں پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے تعینات کیا تھا۔ علی جہانگیر 9 مئی سے 25 دسمبر 2018 تک امریکہ کے لیے پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کرتے رہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ایمبسڈر اسد مجید اسی ہفتے وائٹ ہاوس میں اپنی تقرری کے کاغزات پیش کریں گے۔

اسد مجید ایک ایسے وقت میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی کشیدگی عروج پر ہے۔ لیکن ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے 2 جنوری کو افغان امن عمل کی امریکی قیادت کی کوششوں میں تیزی لانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے ملنے کی خواہش کا اظہار کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے آثار پیدا ہونے کی امید نظر آئی ہے۔

پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ کے ساتھ عمران خان کی ملاقات کے امکانات پر کام کر رہے ہیں۔

واضع رہے کہ افغان امن پراسس کے سلسلے میں طالبان اور زلمے خلیل زاد کے درمیان تین براہِ راست ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ اس سلسلے میں مذاکرات کا اگلا دور بدھ سے دوہا میں ہونا تھا جسے طالبان نے ایجنڈے پر اختلافات کے باعث منسوخ کر دیا ہے۔

ڈاکٹر اسد مجید جو 2015 تک واشنگٹن میں پاکستان کے نائب سفیر کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ اس تعیناتی سے پہلے جاپان میں پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG