رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیان مذاکرات


صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیاں سنگاپور میں تاریخی سربراہی ملاقات۔ 12 جون 2018
صدر ٹرمپ اور کم جونگ ان کے درمیاں سنگاپور میں تاریخی سربراہی ملاقات۔ 12 جون 2018

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماؤ ں کے درمیان مذاکرات کا معاملہ توقعات سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی موٹر گاڑیوں کے قافلے اپنے اپنے ہوٹلوں سے منگل کی صبح روانہ ہوئے اور ان کی منزل سنگا پور کے ایک تفریحی جزیرے سینتوسا میں قائم کاپیلا ہوٹل ہے، جہاں دونوں راہنماؤں کے درمیان تاریخی ملاقات ہو رہی ہے۔

دونوں راہنماؤں نے ہوٹل پہنچنے کے بعد ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور فوٹو سیشن کے بعد ملاقات کے کمرے میں چلے گئے۔

کمرے میں میڈیا کے سامنے دونوں راہنماؤں نے ایک دوسرے کے لیے خیر سگالی جذبات کا اظہار کیا ، جس کے بعد ان میں ون ٹو ون مذاکرات شروع ہو گئے۔

وہائٹ ہاؤس نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ، شمالی کوریا کے سربراہ کم سے ملاقات کے بعد منگل کی رات سنگاپور سے روانہ ہو جائیں گے۔

امریکی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا معاملہ توقعات سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کی صبح صدر ٹرمپ، کم جونگ ان سے براہ راست ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر مترجم کے علاوہ کوئی تیسرا شخص موجود نہیں ہوگا۔

دونوں سربراہوں کے درمیان مذاکرات کے بعد ایک ورکنگ لنچ ہوگا اور دو طرف بات چیت کا دائرہ وسیع ہو جائے گا جس میں وزیر خارجہ مائک پومپیو، چیف آف سٹاف جان کیلی اور نیشنل سیکیورٹی ایڈوائز جان بولٹن بھی شریک ہو جائیں گے۔

سنگاپور سے واپسی سے پہلے صدر ٹرمپ میڈیا سے بھی بات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG