رسائی کے لنکس

جان آر بیس افغانستان میں امریکی سفیر نامزد


جان آر بیس (فائل فوٹو)
جان آر بیس (فائل فوٹو)

بیس 2014ء سے ترکی میں امریکہ کے سفیر ہیں جس سے قبل وہ 2009ء سے 2012ء تک جارجیا میں بھی امریکی سفیر رہ چکے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ترکی میں امریکہ کے سفیر جان آر بیس کو افغانستان کے لیے نیا امریکی سفیر نامزد کردیا ہے۔

بیس کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے امریکی سینیٹ کی توثیق درکار ہوگی۔

جمعرات کو جاری کیے جانے والے وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق نیویارک سے تعلق رکھنے جان آر بیس 1988ء سے امریکی محکمۂ خارجہ سے منسلک ہیں اور کئی اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

بیس 2014ء سے ترکی میں امریکہ کے سفیر ہیں جس سے قبل وہ 2009ء سے 2012ء تک جارجیا میں بھی امریکی سفیر رہ چکے ہیں۔

بیان کے مطابق جان آر بیس نے امریکی محکمۂ خارجہ میں مختلف ذمہ داریوں کے علاوہ بیرونِ ملک امریکہ کے چھ سفارتی مشنز میں مختلف عہدوں پر کام کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے گنجان آباد خطے جنوبی ایشیا کے کسی ملک میں نئے امریکی سفیر کی یہ پہلی نامزدگی ہے۔ صدر ٹرمپ نے تاحال پاکستان اور بھارت کے لیے نئے سفیروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

افغانستان کے لیے نئے سفیر کے اعلان سے چند گھنٹے قبل صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پینس نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم اور اعلیٰ فوجی قیادت کے ساتھ امریکہ محکمۂ دفاع پینٹاگون میں ہونے والے ایک اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں افغانستان، شمالی کوریا اور داعش کے خلاف جاری کارروائیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔

افغانستان کے لیے نئے امریکی سفیر کی نامزدگی کا اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ انتظامیہ افغانستان سے متعلق اپنی پالیسی وضع کرنے میں مصروف ہے جس کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG