رسائی کے لنکس

اوباما ہیلتھ کیئر کے کچھ نکات پر عمل جاری رہ سکتا ہے: ٹرمپ


ٹرمپ نے اخبار ’وال اسٹریٹ جنرل‘ سے انٹرویو میں کہا کہ وہ اس معاملے پر صدر اوباما سے بات کرنے کے بعد اس بارے میں غور کر رہے ہیں کہ ہیلتھ کئیر ایکٹ‘ کے بعض نکات پر عمل جاری رہ سکتا ہے۔

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ صدر اوباما کے صحت عامہ سے متعلق ’ہیلتھ کئیر ایکٹ‘ کے بعض نکات پر عمل درآمد جاری رکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے ’اوباما کیئر‘ کے نام سے جانے جانے والے اس قانون پر تنقید اور اس کی مخالفت کی تھی۔

اُنھوں نے اخبار ’وال اسٹریٹ جنرل‘ سے انٹرویو میں کہا کہ وہ اس معاملے پر صدر اوباما سے بات کرنے کے بعد اس بارے میں غور کر رہے ہیں کہ ہیلتھ کئیر ایکٹ‘ کے بعض نکات پر عمل جاری رہ سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ ہیلتھ کیئر کے دو نکات اُنھیں بہت پسند ہیں جن میں سے ایک پہلے سے مسائل کے شکار افراد کو ’ہیلتھ کوریج‘ دینے سے انکار پر پابندی اور بچوں کو اُن کے والدین کی بیمہ پالیسی کے تحت سہولتیں فراہم کرنا شامل ہیں۔

اُنھوں نے جمعہ کو کہا تھا کہ صدر اوباما سے ہونے والی بات چیت میں ’’میں نے اُن سے کہا کہ میں آپ کی تجاویز پر غور کروں گا۔‘‘

جب ڈونلڈ ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ منصب سنھبالنے کے بعد اُن کی سب سے اولین ترجیح کیا ہو گی تو اُنھوں نے کوئی ایک ترجیح بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری بہت سے پہلی ترجیحات ہیں۔‘‘

ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے صدر اوباما سے پہلی ملاقات کی تھی جو ڈیڑھ گھنٹا جاری رہی۔

XS
SM
MD
LG