رسائی کے لنکس

داعش کا بہت جلد خاتمہ کر دیں گے، ٹرمپ


مسٹر ٹرمپ ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ایک ریلی میں تقریر کررہے ہیں۔ 16 دسمبر 2016
مسٹر ٹرمپ ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ایک ریلی میں تقریر کررہے ہیں۔ 16 دسمبر 2016

منتخب امریکی صدر نے آرلینڈو میں ایک ریلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوج کو مضبوط بنائیں گے اور ملکی معیشت کو مستحکم کریں گے۔

امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داعش کو تیزی سے کچلنے سے متعلق انتخابی مہم کے اپنے وعدے کوایک بار پھر دہرایا ہے۔

لیکن انہوں نے اریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں ایک ریلی کے دوران کوئی ایسا خاکہ پیش نہیں کیا جس سے یہ پتا چل سکے کہ وہ یہ کامیابی کس طرح حاصل کریں گے۔

مسٹر ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی دلانے پر ووٹروں کے شکریےسے متعلق اپنے قومی دورے میں جمعے کے روز ریلی میں شامل لوگوں کو بتایا کہ وہ ملک کی فوج کو مضبوط کریں گے لیکن وہ کمانڈر ان چیف کے طور پراس کے استعمال میں احتیاط برتیں گے۔

انہوں نے واشنگٹن کی موجودہ خارجہ پالیسی پر تنقید کی۔

ان کا کہناتھاکہ ہم ایک عرصہ سے ان ملکوں میں جن کے بارے میں آپ نے کبھی سنا ہی نہیں ہو گا، ایک کے بعد دوسری مداخلت میں پڑتے رہے ہیں ۔ا نہوں نے کہا کہ یہ غیر دانشمندی ہے اور ہم اسے روکیں گے۔

آرلینڈو کی ریلی کا مقصد مسٹر ٹرمپ کی ایک انتہائی اہم ریاست میں انتخاب کے دن کی کامیابی کو سراہنا تھا۔

ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں بہت سی املاک ہیں اور وہ اسے اپنا دوسرا گھر کہہ چکے ہیں ۔

مسٹر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے بہت سے موضوعات کا ذکر کیاجن میں غیر قانونی تارکین وطن کا خاتمہ ، صدر براک أوباما کے صحت کے قابل استطاعت ایکٹ کی منسوخی ، تجارتی معاہدے پر از سر نو گفت و شنید اور ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا شامل تھے ۔

XS
SM
MD
LG