رسائی کے لنکس

کینیڈا میں امریکی سفیر اقوامِ متحدہ میں نئی مندوب نامزد


کینیڈا میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ جنہیں صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ میں امریکہ کا نئی مستقل مندوب نامزد کیا ہے۔ (فائل فوٹو)
کینیڈا میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ جنہیں صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ میں امریکہ کا نئی مستقل مندوب نامزد کیا ہے۔ (فائل فوٹو)

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا میں امریکہ کی سفیر کیلی کرافٹ کو اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی مستقل نئی مندوب نامزد کردیا ہے۔

کیلی کرافٹ کی نامزدگی کے بعد اقوامِ متحدہ میں امریکہ کے سفیر کے منصب کے لیے مناسب امیدوار کی گزشتہ چار ماہ سے جاری تلاش اپنے انجام کو پہنچی ہے۔

مس کرافٹ کی نامزدگی کا اعلان صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنی ایک ٹوئٹ میں کیا۔

صدر نے کہا کہ کیلی کرافٹ نے بطور سفیر امریکی قوم کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ میں بھی امریکہ کی بھرپور نمائندگی کریں گی۔

جمعے کو اپنی نامزدگی کے اعلان سے قبل کیلی کرافٹ نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ، امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے ملاقات بھی کی۔

کیلی کرافٹ کا تعلق امریکی ریاست کینٹکی سے ہے اور وہ ری پبلکن جماعت کی ایک اہم ڈونر ہیں۔ ان کا تقرر سینیٹ کی توثیق سے مشروط ہے۔

ان کا نام گزشتہ ہفتے اس عہدے کے لیے سب سے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آیا تھا۔ سینیٹ میں ری پبلکن اکثریتی رہنما مِچ مکونیل نے بھی ان کی نامزدگی کی سفارش کی تھی جن کا اپنا تعلق بھی کینٹکی سے ہے۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ محکمۂ خارجہ کی سابق ترجمان ہیتھر نوارٹ کو اقوامِ متحدہ میں سفیر نامزد کرنے خواہش مند تھے لیکن مس نوارٹ نے گزشتہ ہفتے خانگی وجوہات کی بنیاد پر یہ عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

کیلی کرافٹ نکی ہیلی کی جگہ اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی جنہوں نے گزشتہ سال کے اختتام پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

وائٹ ہاؤس حکام نے وضاحت کی ہے کہ صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر کے منصب کی حیثیت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کیلی کرافٹ کو اپنی پیش رو نکی ہیلی کی طرح کابینہ کے رکن کی حیثیت حاصل نہیں ہوگی۔

اس سے قبل نکی ہیلی کو اقوامِ متحدہ میں بطور امریکی سفیر ٹرمپ کابینہ کے رکن کی حیثیت حاصل تھی اور وہ صدر ٹرمپ کے بہت قریب سمجھی جاتی تھیں۔

XS
SM
MD
LG