رسائی کے لنکس

حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم نہیں ہو گا: صدر ٹرمپ


صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اپنے اوول آفس میں۔ فائل فوٹو
صدر ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں اپنے اوول آفس میں۔ فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ جب تک کانگریس میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار تعمیر کرنے کیلئے پانچ ارب ڈالر کی فنڈنگ کی منظوری نہیں دیتی، حکومت کا کام بند رہے گا۔ یوں حکومت کا کام دوبارہ شروع ہونے کا فوری طور پر کوئی امکان دکھائی نہیں دے رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں اپنے اوول آفس سے بیرون ملک تعینات امریکی فوجیوں سے خطاب کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا، ’’میں یہ نہیں بتا سکتا کہ حکومت کا کام کب شروع ہو گا۔ تاہم میں یہ بتا سکتا ہوں کہ حکومت اُس وقت تک بند رہے گی جب تک، دیوار یا باڑ جو کچھ بھی آپ کہنا چاہیں، بنانے کیلئے فنڈنگ کی منظوری حاصل نہیں ہو جاتی۔ ‘‘

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ دیوار کی تعمیر وہ لاکھوں سرکاری ملازمین بھی چاہتے ہیں جنہیں حکومت کا کام بند ہونے کے باعث بغیر تنخواہ کے جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔ تاہم اُن کے اس دعوے کی دیگر ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کے روز ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کانگریس کو خبردار کیا تھا کہ اُنہیں ہر صورت سرحد پر دیوار کی تعمیر کی مخالفت ترک کرنا ہو گی۔ دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کے راہنماؤں نے صدر ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ ذاتی لڑائی لڑ رہے ہیں اور یوں اُنہوں نے ملک کو شدید بحران کی جانب دھکیل دیا ہے۔

امریکہ میں اس وقت کرسمس کی تعطیلات ہیں اور اس دوران صدر ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے فنڈنگ کے اجراء سے متعلق اختلاف کے باعث حکومت کے بیشتر دفاتر کا کام بند کر دیا گیا ہے۔

شٹ ڈاؤن سے 800,000 کے لگ بھگ سرکاری ملازمین متاثر ہوئے ہیں جن میں سے تقریباً تین لاکھ سے زائد کو ’فرلو‘ یعنی بغیر تنخواہ کے جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کانگریس سے دیوار کی تعمیر کیلئے پانچ ارب ڈالر کی رقم منظور کرنے کیلئے کہا تھا۔ تاہم ڈیموکریٹک ارکان نے دیوار کے بجائے بارڈر سیکورٹی کیلئے ایک ارب تیس کروڑ ڈالر منظور کرنے کی پیشکش کی تھی۔

اس تعطل کے پس منظر میں صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی ریزارٹ پر کرسمس کی تعطیلات گزارنے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔ اُنہوں نے پیر کے روز ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں تنہا موجود ہیں اور منتظر ہیں کہ ڈیموکریٹک ارکان کانگریس واپس آئیں اور فنڈنگ کی منظوری کیلئے معاہدہ طے کریں جو بقول اُن کے بہت ضروری ہے۔ ٹویٹ میں اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے دیوار کی تعمیر کے بارے میں معاہدہ نہ کرنے کے باعث امریکہ کو مطلوبہ فنڈنگ سے کہیں زیادہ نقصان ہو گا اور بقول اُن کے یہ پاگل پن ہے۔

رپبلکن پارٹی کے بیشتر ارکان دیوار کی تعمیر کے سلسلے میں صدر ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG