رسائی کے لنکس

مک ماسٹر مستعفی، جان بولٹن نئے مشیر برائے قومی سلامتی مقرر


وائٹ ہاؤس کے مستعفی ہونے والی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مک ماسٹر (دائیں) اور ان کی جگہ مقرر ہونے والے جان بولٹن
وائٹ ہاؤس کے مستعفی ہونے والی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مک ماسٹر (دائیں) اور ان کی جگہ مقرر ہونے والے جان بولٹن

جان بولٹن حال ہی میں شمالی کوریا پر پیشگی حملہ کرنے اور ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کی حمایت بھی کرچکے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایچ آر مک ماسٹر کی جگہ اقوامِ متحدہ میں سابق امریکی سفیر اور سخت گیر نظریات کے حامل جان بولٹن کو نیا مشیر برائے قومی سلامتی مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایچ آر مک ماسٹر کی تبدیلی اور ان کی جگہ نئی تقرری کا اعلان صدر ٹرمپ نے جمعرات کو ایک ٹوئٹ میں کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں صدر نے کہا ہے کہ جان بولٹن اپنی نئی ذمہ داریاں نو اپریل کو سنبھالیں گے۔

جان بولٹن ان دنوں قدامت پسند امریکی نیوز ٹی وی چینل 'فوکس نیوز' سے بطور تجزیہ کار منسلک ہیں۔ ان کی شہرت سخت گیر لہجے کے حامل ایک قدامت پسند رہنما کی ہے جو ایران اور شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کی حامی ہیں اور روس کے خلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں۔

جان بولٹن حال ہی میں شمالی کوریا پر پیشگی حملہ کرنے اور ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کی حمایت بھی کرچکے ہیں۔ وہ صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں 2001ء سے 2005ء تک نائب امریکی وزیرِ خارجہ برائے بین الاقوامی سلامتی اور آرمز کنٹرول بھی رہ چکے ہیں۔

جمعرات کو اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مک ماسٹر کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بہترین کام کیا اور وہ ہمیشہ ان کے دوست رہیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار کے مطابق صدر ٹرمپ اور ایچ آر مک ماسٹر کے درمیان "اتفاق ہوا ہے کہ مک ماسٹر اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی" ہوجائیں گے۔

صدر ٹرمپ کی حکومت سے اب تک رخصت ہونے والی نمایاں ترین شخصیات
صدر ٹرمپ کی حکومت سے اب تک رخصت ہونے والی نمایاں ترین شخصیات

اہلکار کے مطابق صدر اور ان کے مشیر برائے قومی سلامتی کے درمیان اس تبدیلی پر کچھ عرصے سے بات چیت جاری تھی اور ذرائع ابلاغ میں مسلسل کی جانے والی قیاس آرائیوں کے بعد دونوں نے فیصلہ کیا تھا کہ نئی ٹیم کو جلد از جلد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لینی چاہئیں۔

ایچ آر مک ماسٹر امریکی فوج میں حاضر سروس لیفٹننٹ جنرل ہیں جنہیں 2017ء میں صدر ٹرمپ نے مشیر برائے قومی سلامتی مقرر کیا تھا۔ وہ امریکہ کے 26 ویں مشیر برائے قومی سلامتی تھے۔

اپنے ایک بیان میں مک ماسٹر نے کہا ہے کہ 34 سال تک قوم کی خدمت کرنے کے بعد وہ امریکی فوج سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ انہیں رواں سال موسمِ گرما میں ریٹائر کردےجس کے بعد ان کے بقول ان کا پبلک سروس کیریئر ختم ہوجائے گا۔

مک ماسٹر کا استعفیٰ رواں ماہ ٹرمپ حکومت میں آنے والی دوسری بڑی تبدیلی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے ریکس ٹلرسن کی جگہ سی آئی اے کے موجودہ سربراہ مائیک پومپیو کو امریکہ کا نیا وزیرِ خارجہ نامزد کرنے کا اعلان تھا۔

XS
SM
MD
LG